پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یعقوب عثمانی کی غزلیں — Yaqoob Usmani Ghazals

یعقوب عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میں چاہوں بھی تو ضبط گفتگو میں لا نہیں سکتا (غزل)

میں چاہوں بھی تو ضبط گفتگو میں لا نہیں سکتا

سمجھنے پر بھی دل کا مدعا سمجھا نہیں سکتا

بھلا ایسی تہی داماں تمناؤں سے کیا حاصل

بہلنے پر دل آمادہ ہے اور بہلا نہیں سکتا

خدا محفوظ رکھے خوف آسیب اسیری سے

میں گلشن میں بھی آزادی کا نغمہ گا نہیں سکتا

رگ گل سے بھی نازک تر ہیں تنکے آشیانے کے

انہیں گلچیں ہر انداز نوازش بھا نہیں سکتا

بھرا جائے گا کب تک خون ماضی نبض فردا میں

اب اس پہلو پہ نظم قلب گیتی آ نہیں سکتا

کسے فتنہ سمجھ کر اپنی محفل سے اٹھاتا ہے

ضمیر امن اس دھوکے میں ناداں آ نہیں سکتا

سحاب فکر بھی یعقوبؔ پابند فضا نکلا

چمن کی خاک پر رنگ سخن برسا نہیں سکتا

زباں کچھ اور کہتی ہے نظر کچھ اور کہتی ہے (غزل)

زباں کچھ اور کہتی ہے نظر کچھ اور کہتی ہے

بظاہر یہ توجہ چارہ گر کچھ اور کہتی ہے

زمانہ نغمہ پیرائی کا جب آئے گا آئے گا

ابھی تو شدت سوز جگر کچھ اور کہتی ہے

بھلا آپ اور اخفائے حقیقت اے معاذ اللہ

زبان خلق جھوٹی ہے اگر کچھ اور کہتی ہے

کوئی کس طرح دھوکا کھائے اس آتش بیانی کا

اداسی تیری اے شمع سحر کچھ اور کہتی ہے

اسی تشخیص پر اترا رہا تھا ایک مدت سے

مسیحا دیکھ نبض بحر و بر کچھ اور کہتی ہے

تری عظمت کا منکر تھا نہ ہوں اے رہبر کامل

اب اس کو کیا کروں میں رہ گزر کچھ اور کہتی ہے

بھرم یعقوبؔ کھلنے ہی کو ہے اب آسمانوں کا

زمیں سے گردش شمس و قمر کچھ اور کہتی ہے

مزید غزلیں از یعقوب عثمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں