یعقوب پرواز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کے لٹنے پہ کیا کرے کوئی (غزل)
دل کے لٹنے پہ کیا کرے کوئی
کس سے جا کر پتہ کرے کوئی
سوچتا ہوں کہ کس بھروسے پر
جان تم پر فدا کرے کوئی
یعنی عمر خضر تو حاصل ہو
چند سانسوں کا کیا کرے کوئی
ایک ہی تو صدائے مجنوں ہے
میرے دکھ کی دوا کرے کوئی
اس پہ لازم اسی کا ہو جانا
جس کو کچھ بھی عطا کرے کوئی
کوئی رستہ نکل ہی آتا ہے
اک ذرا آسرا کرے کوئی
گاہ چلتی بہ گاہ رکتی ہے
ایسی دھڑکن کا کیا کرے کوئی
جوں فرشتہ اجل کا آتا ہے
ایسے وعدہ وفا کرے کوئی
سخت مشکل ہے فی البدیہہ کہنا
چھید ہیرے میں کیا کرے کوئی
راہزن ہوں کہ رہنما ہوں میں (غزل)
راہزن ہوں کہ رہنما ہوں میں
کون جانے کہ اصل کیا ہوں میں
وہ جو عبرت کا اک نشاں ٹھہرے
باغ والوں کو جانتا ہوں میں
مجھ سے خلق خدا لرزتی ہے
کس نوعیت کا پارسا ہوں میں
سادگی کو بھی جس پہ رشک آئے
اس تکلف کی انتہا ہوں میں
کس نے دیکھا یہ دیکھنا میرا
دل کی آنکھوں سے دیکھتا ہوں میں
بھیڑیے کی نگاہ ہے جن پر
ایسی بھیڑوں کو ہانکتا ہوں میں