پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یعقوب دل کی غزلیں — Yaqoob Dil Ghazals

یعقوب دل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

چھوڑ کر تجھ کو پھول دیکھوں میں (غزل)

چھوڑ کر تجھ کو پھول دیکھوں میں

اتنا کم عقل بھی نہیں ہوں میں

تیرے جیسے ہزار نکلیں گے

جیب اپنی اگر الٹ دوں میں

ایک تیرے قریب آنے سے

دور کتنوں سے ہو گیا ہوں میں

چھوٹ جائے گا کھیل ہاتھوں سے

کیچ تیرا اگر پکڑ لوں میں

ریل رکتی نہیں جہاں کوئی

ایسے اک پلیٹ فارم پر ہوں میں

دیکھیے مت ادھر ادھر صاحب

آپ ہی کو بلا رہا ہوں میں

ہوتے سب فیصلے بھلے کے لیے (غزل)

ہوتے سب فیصلے بھلے کے لیے

ہم اگر آتے مشورے کے لیے

لوگ بیساکھیوں پہ آئے ہیں

چال میری سدھارنے کے لیے

کنڈیاں بیچ دیں کواڑوں کی

ایک تالا خریدنے کے لیے

ہم نے پوچھا تھا بس پتہ تیرا

آ گیا گاؤں چھوڑنے کے لیے

کرنا تھا فیصلہ اگر خود ہی

کیوں بلایا تھا مشورے کے لیے

بزم خوباں سے اٹھ کے آیا ہوں

آپ کے ساتھ بیٹھنے کے لیے

خود کو کرتا ہوں با وضو پہلے

تیرے بارے میں سوچنے کے لیے

مزید غزلیں از یعقوب دل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں