یعقوب عارف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ چارہ گر نہ مسیحا نہ راہبر تھا میں (غزل)
نہ چارہ گر نہ مسیحا نہ راہبر تھا میں
نظر میں پھر بھی زمانے کی معتبر تھا میں
انا پہ حرف نہ آ جائے حق پرستوں کی
اٹھائے اپنے ہی نیزے پہ اپنا سر تھا میں
سوال یہ نہیں کس نے کیا تھا قتل مجھے
سوال یہ ہے کہ کیوں خود سے بے خبر تھا میں
جو صبح نو کا اسیری میں دے رہا تھا پیام
وہ انقلاب زمانہ کا نامہ بر تھا میں
سکون دل بھی ملا آبلوں کی لذت بھی
تمہارے ساتھ سفر میں جو ہم سفر تھا میں
ہوئے تھے پست ہواؤں کے حوصلے عارفؔ
جب اپنے کھولے فضاؤں میں بال و پر تھا میں
وہ راہبر تو نہیں تھا اعادہ کیا کرتا (غزل)
وہ راہبر تو نہیں تھا اعادہ کیا کرتا
بنا کے راہ میں وہ کوئی جادہ کیا کرتا
نہا رہا ہو اجالوں کے جو سمندر میں
وہ لے کے ظلمت شب کا لبادہ کیا کرتا
ہر ایک شخص جہاں مصلحت سے ملتا ہو
وہاں کسی سے کوئی استفادہ کیا کرتا
نہ جس میں رنگ نہ خاکہ نہ کوئی عکس جمال
بنا کے ایسی میں تصویر سادہ کیا کرتا
محاذ جنگ میں وہ اپنے فرض کی خاطر
نہ دیتا جان تو آخر پیادہ کیا کرتا
جہاں پہ ہوتا ہو انسانیت کا خوں عارفؔ
میں ایسی دنیا میں رہ کر زیادہ کیا کرتا