پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یعقوب علی آسی کی غزلیں — Yaqoob Ali Aasi Ghazals

یعقوب علی آسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ ہم نے مانا کہ ہوگا وصال یار نصیب (غزل)

یہ ہم نے مانا کہ ہوگا وصال یار نصیب

دل حزیں کو مگر ہے کہاں قرار نصیب

یہ اپنا اپنا مقدر ہے اور کیا کہیے

خزاں نصیب کوئی ہے کوئی بہار نصیب

کوئی تو ایک نظر کے لیے ترستا ہے

کسی کو ہوتا ہے دیدار بار بار نصیب

نہ آرزو تری کرتے نہ آبرو کھوتے

خود اپنے دل پہ اگر ہوتا اختیار نصیب

سنا تو ہے تیرا دیدار ایک دن ہوگا

اسی امید پہ بیٹھے ہیں انتظار نصیب

سمجھ سکے گا وہ کیا میرے دل کی بیتابی

ہوا نہ جس کو کبھی سوز عشق یار نصیب

جہاں میں اور بھی آسیؔ الم کے مارے ہیں

یہاں پہ تو ہی نہیں ایک سوگوار نصیب

آپ اپنا نشاں نہیں معلوم (غزل)

آپ اپنا نشاں نہیں معلوم

لٹ گئے ہم کہاں نہیں معلوم

لے چلا ہے جنون شوق کدھر

ہوگی منزل کہاں نہیں معلوم

دوڑتا ہوں غبار کے پیچھے

ہے کہاں کارواں نہیں معلوم

جھک گیا سر بصد خلوص و نیاز

کس کا ہے آستاں نہیں معلوم

ایک ہلچل ہے خانۂ دل میں

کون ہے میہماں نہیں معلوم

برق چمکی تھی ایک بار یہاں

کیا ہوا آشیاں نہیں معلوم

جانے کس کے خیال میں آسیؔ

ہو گئے گم کہاں نہیں معلوم

مزید غزلیں از یعقوب علی آسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں