پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یگانہ چنگیزی کی غزلیں — Yagana Changezi Ghazals

یگانہ چنگیزی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مجھے دل کی خطا پر یاسؔ شرمانا نہیں آتا (غزل)

مجھے دل کی خطا پر یاسؔ شرمانا نہیں آتا

پرایا جرم اپنے نام لکھوانا نہیں آتا

مجھے اے ناخدا آخر کسی کو منہ دکھانا ہے

بہانہ کر کے تنہا پار اتر جانا نہیں آتا

مصیبت کا پہاڑ آخر کسی دن کٹ ہی جائے گا

مجھے سر مار کر تیشے سے مر جانا نہیں آتا

دل بے حوصلہ ہے اک ذرا سی ٹھیس کا مہماں

وہ آنسو کیا پیے گا جس کو غم کھانا نہیں آتا

سراپا راز ہوں میں کیا بتاؤں کون ہوں کیا ہوں

سمجھتا ہوں مگر دنیا کو سمجھانا نہیں آتا

خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا (غزل)

خودی کا نشہ چڑھا آپ میں رہا نہ گیا

خدا بنے تھے یگانہؔ مگر بنا نہ گیا

پیام زیر لب ایسا کہ کچھ سنا نہ گیا

اشارہ پاتے ہی انگڑائی لی رہا نہ گیا

ہنسی میں وعدۂ فردا کو ٹالنے والو

لو دیکھ لو وہی کل آج بن کے آ نہ گیا

گناہ زندہ دلی کہیے یا دل آزاری

کسی پہ ہنس لیے اتنا کہ پھر ہنسا نہ گیا

پکارتا رہا کس کس کو ڈوبنے والا

خدا تھے اتنے مگر کوئی آڑے آ نہ گیا

کروں تو کس سے کروں درد نارسا کا گلہ

کہ مجھ کو لے کے دل دوست میں سما نہ گیا

بتوں کو دیکھ کے سب نے خدا کو پہچانا

خدا کے گھر تو کوئی بندۂ خدا نہ گیا

کرشن کا ہوں پجاری علی کا بندہ ہوں

یگانہؔ شان خدا دیکھ کر رہا نہ گیا