پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

یحییٰ امجد کی غزلیں — Yahya Amjad Ghazals

یحییٰ امجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پھر لب پہ تیرا ذکر ہے پھر تیرا نام ہے (غزل)

پھر لب پہ تیرا ذکر ہے پھر تیرا نام ہے

پھر جاں لٹانے والوں کا اک ازدحام ہے

سبط رسول ہونا ہی عزت کی بات ہے

پر اس سے بڑھ کے تیرے عمل کا مقام ہے

رسم یزید ظلم ہے ہر بار عارضی

دین حسین جد و جہد ہے مدام ہے

ہے حرب عشق فتح کی خواہش سے بے نیاز

یہ بات الگ کہ ہار کے بھی فتح نام ہے

کیا غم اگر یزید رہا اقتدار میں

پرچم تو پھر حسین کا میر عوام ہے

پرچم بنا ہے پھر کئی شہروں میں تیرا نام

تو کاروان جد و جہد کا امام ہے

خدا گواہ دل اک لمحہ بھی نہیں غافل (نظم)

خدا گواہ دل اک لمحہ بھی نہیں غافل

تمہاری یاد بھی باقی ہے دکھ بھی باقی ہے

وہ شام غم بھی اسی طرح دل پہ قائم ہے

وہ روز سخت بھی سینے میں درد بن کر ہے

جب ایک حملۂ دل تم پہ ظلم کرتا تھا

عظیم شہر کے مرکز میں اک اداس سا گھر

علاج سے محروم

تمہارے دکھ میں تڑپنے کو دیکھ کر چپ تھا

تو سارے شاہی محلات شور عیش میں تھے

مجھے تو فلسفۂ صبر بھی گوارا ہے

(اگرچہ اصل میں یہ قاتلوں کی منطق ہے)

مگر یہ فلسفہ اس دل کو کون سمجھائے

جو تیری یاد کے غم کو خدا سمجھتا ہے

اگر گئے ہوئے اک لمحہ مڑ کے آ سکتے

فنا کے بعد دوبارہ حیات اگر ہوتی

تو میں ضرور لپٹ کر تمہارے سینے سے

تمام قصۂ غم آنسوؤں میں برساتا

مگر مجھے تو خبر ہے کہ یہ نہیں ممکن

اسی لیے مرے دل میں الم بھی باقی ہے

تری جہاد مسلسل سی زندگی کی کتاب

مری حیات کے اک اک ورق پہ لکھی ہے

جو تو نے راہ میں چھوڑا تھا پرچم تگ و دو

حریف کچھ بھی کہیں آج میرے ہاتھ میں ہے

قرار خاطر محزوں اگر کوئی شے ہے

تو اسی کا خیال!

مزید غزلیں از یحییٰ امجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں