وسیم نادر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کبھی کپڑے بدلتا ہے کبھی لہجہ بدلتا ہے (غزل)
کبھی کپڑے بدلتا ہے کبھی لہجہ بدلتا ہے
مگر ان کوششوں سے کیا کہیں شجرہ بدلتا ہے
تمہارے بعد اب جس کا بھی جی چاہے مجھے رکھ لے
جنازہ اپنی مرضی سے کہاں کاندھا بدلتا ہے
رہائی مل تو جاتی ہے پرندے کو مگر اتنی
صفائی کی غرض سے جب کبھی پنجرہ بدلتا ہے
مری آنکھوں کو پہلی آخری حد ہے ترا چہرہ
نہیں میں وہ نہیں جو روز آئینہ بدلتا ہے
عجب ضدی مصور ہے ذرا پہچان کی خاطر
مری تصویر کا ہر روز وہ چہرہ بدلتا ہے
سلیقے سے اگر توڑیں تو کانٹے ٹوٹ جاتے ہے (غزل)
سلیقے سے اگر توڑیں تو کانٹے ٹوٹ جاتے ہے
مگر افسوس یہ ہے پھول پہلے ٹوٹ جاتے ہے
محبت بوجھ بن کر ہی بھلے رہتی ہو کاندھوں پر
مگر یہ بوجھ ہٹتا ہے تو کاندھے ٹوٹ جاتے ہیں
بچھڑ کر آپ سے یہ تجربہ ہو ہی گیا آخر
میں اکثر سوچتا تھا لوگ کیسے ٹوٹ جاتے ہے
مری اوقات ہی کیا ہے میں اک ننھا سا آنسو ہوں
بلندی سے تو گر کر اچھے اچھے ٹوٹ جاتے ہیں
بہت دن مصلحت کی قید میں رہتے نہیں جذبے
محبت جب صدا دیتی ہے پنجرے ٹوٹ جاتے ہیں
زیادہ کامیابی بھی بہت نقصان دیتی ہے
پھلوں کا بوجھ بڑھنے سے بھی پودے ٹوٹ جاتے ہے
ستم یہ ہے میں اس رستے پہ ننگے پیر چلتا ہوں
جہاں چلتے ہوئے لوگوں کے جوتے ٹوٹ جاتے ہے