واصل عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ ہیں ستم گر پھر بھی ستم پر اب ان کو شرمائے کون (غزل)
وہ ہیں ستم گر پھر بھی ستم پر اب ان کو شرمائے کون
دل میں کتنے زخم لگے ہیں جا کے انہیں دکھلائے کون
موسم باراں رات اندھیری اندیشہ رسوائی کا
ان حالات میں درد بٹانے غم خانے میں آئے کون
کاش کہیں وہ مل جاتے تو ان سے اتنا ہم کہتے
تم نے آگ لگائی دل میں لیکن اسے بجھائے کون
جن کی دید کو نظریں ترسیں جن کے لئے دل ہو بے چین
میری خاطر لیکن ان کو میرے گھر تک لائے کون
ایک ہمارے اٹھ آنے سے دور تلک سناٹا ہے
محفل یاراں سونی پڑی ہے نغمۂ الفت گائے کون
مجھ کو خبر ہے اس کی نظر میں جنس وفا کی قدر نہیں
بات بجا ہے لیکن یارو اس دل کو سمجھائے کون
کب ہم نے کہا ہے کہ سدا سوچتے رہنا (غزل)
کب ہم نے کہا ہے کہ سدا سوچتے رہنا
ہاں یاد جب آئیں تو ذرا سوچتے رہنا
لمحوں میں بدل جاتی ہے تقدیر زمانہ
اس بات کو اے مرد خدا سوچتے رہنا
اس طرح گزارے ہیں شب ہجر کے لمحات
اس شخص کی اک ایک ادا سوچتے رہنا
کس عہد میں بھیجا گیا یہ سوچ رہا ہوں
جس عہد میں ہر دم ہے سزا سوچتے رہنا
یہ بھی نہ کہیں اس سے تعلق کا سبب ہو
کیوں اس نے کہا کیسے کہا سوچتے رہنا
واصلؔ تجھے جو کہنا ہے بس آج ہی کہہ لے
اچھا نہیں تا عمر ترا سوچتے رہنا