پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

واصف یار کی غزلیں — Wasif Yar Ghazals

واصف یار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کیا سناؤں میں تجھے اپنی کہانی جانی (غزل)

کیا سناؤں میں تجھے اپنی کہانی جانی

دونوں ہاتھوں سے لٹائی ہے جوانی جانی

ایک تو تیری محبت میں تڑپتا ہوا دل

اور پھر اس پہ مری شوخ بیانی جانی

ڈال کر پیالوں میں شعلوں کو گٹک جاتے تھے

ہم جوانی میں کہاں پیتے تھے پانی جانی

ایک تو ایک محبت مری لا فانی ہے

باقی ہر چیز ہے اس دنیا میں آنی جانی

آج بادل بھی ہیں کچھ اور ہی نیلے نیلے

تیری چنری بھی ہے حد سے سوا دھانی جانی

ان ث ان ث مرے احوال طلب کرتا ہے

سن کبھی حال مرا میری زبانی جانی

وہ نہیں سنتا ہے میری تری شاید سن لے

اس لئے تجھ کو سناتا ہوں کہانی جانی

رفتہ رفتہ مری نظروں سے ہوا وہ اوجھل

اور میں آواز لگاتا رہا جانی جانی

بس وہی وہ دکھائی دیتے ہیں (غزل)

بس وہی وہ دکھائی دیتے ہیں

ایک کے دو دکھائی دیتے ہیں

جتنے ہرجائی ہم نے دیکھے ہیں

اتنے کس کو دکھائی دیتے ہیں

وہ یہاں ہیں نہیں پتہ ہے ہمیں

پھر بھی ہم کو دکھائی دیتے ہیں

دل کو بہلانا ہی تو مقصد ہے

فرض کر لو دکھائی دیتے ہیں

جیسے ہم تم کو صاف دیکھتے ہیں

ویسے تم کو دکھائی دیتے ہیں

تاب نظارہ باقی ہے کہ گئی

اور دیکھو دکھائی دیتے ہیں

جو زمانے کو دیکھتے بھی نہیں

وہ انہیں کو دکھائی دیتے ہیں

شعر پڑھتے ہیں آپ جب واصفؔ

داستاں گو دکھائی دیتے ہیں

مزید غزلیں از واصف یار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں