پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

واثق انصاری کی غزلیں — Wasiq Ansari Ghazals

واثق انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرا اپنا ہی قبیلہ تو ہے طاقت تیری (غزل)

تیرا اپنا ہی قبیلہ تو ہے طاقت تیری

اور اپنے ہی قبیلے سے بغاوت تیری

ایک بس جرم محبت ہی ہوا ہے ہم سے

اب سزا چاہے ہمیں جو دے عدالت تیری

ڈھا کے ارمانوں کا گھر کون یہاں پوچھتا ہے

کتنی اس گھر میں بتا آئی تھی لاگت تیری

پیار کی دھوپ کا موسم تری آنکھو سے گیا

بڑھ گئی اب مرے خورشید تمازت تیری

لہلہاتے ہیں محبت کے گلستاں ہر سو

کتنی زرخیز زمیں ہے مرے بھارت تیری

خود ہی بیمار کرے خود ہی وہ پوچھے واثقؔ

کون سا روگ ہے کیوں بگڑی ہے حالت تیری

جذبہ غیرت کا خمیدہ نہیں ہونے دیتا (غزل)

جذبہ غیرت کا خمیدہ نہیں ہونے دیتا

بوجھ اتنا ہے کہ سیدھا نہیں ہونے دیتا

شرط اتنی ہے گنہ گار پشیماں ہو جائے

وہ خطا پوش ہے رسوا نہیں ہونے دیتا

کھول دیتا ہے پھر امید کی کھڑکی کوئی

مجھ کو محروم تمنا نہیں ہونے دیتا

بزدلی کچھ بھی انوکھا نہیں کرنے دیتی

خوف ناکامی کرشمہ نہیں ہونے دیتا

سانپ نے ایسا جمایا ہے شجر پر قبضہ

پنچھیوں کا بھی بسیرا نہیں ہونے دیتا

ذہن و دل دونوں میں رکھتا ہوں بنا کر واثقؔ

گھر کے اندر کوئی جھگڑا نہیں ہونے دیتا

مزید غزلیں از واثق انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں