پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وسیم تاشف کی غزلیں — Waseem Tashif Ghazals

وسیم تاشف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نماز لڑکی محبت خدا ضروری ہے (غزل)

نماز لڑکی محبت خدا ضروری ہے

کسی بھی چیز کا نشہ بڑا ضروری ہے

بہت ضروری ہے اس کا ہر ایک پل ہنسنا

مجھ ایسے حبس زدہ کو ہوا ضروری ہے

تمہارے واسطے رکھا ہے ٹال کر خود کو

اب اس کے بعد تمہیں اور کیا ضروری ہے

اب اس کی اور مری چاہ میں تضاد ہے دوست

مجھے چراغ اسے آئنہ ضروری ہے

جدائی اتنی ضروری ہے جتنی تم چاہو

ہمارے واسطے صبر و رضا ضروری ہے

اس کی تصویر کیا لگی ہوئی ہے (غزل)

اس کی تصویر کیا لگی ہوئی ہے

پورے کمرے میں روشنی ہوئی ہے

کچھ بھی ترتیب میں نہیں تھا یہاں

اس کے آنے سے بہتری ہوئی ہے

کیسے کہہ دوں میں حال دل اس سے

وہ مرے سامنے بڑی ہوئی ہے

جیت جاتی ہے مجھ سے باتوں میں

بڑے اسکول کی پڑھی ہوئی ہے

دوست تو وہ بہت پرانی تھی

ہاں محبت نئی نئی ہوئی ہے

اس کے رونے سے موسموں میں نمی

اس کے ہنسنے سے دھوپ سی ہوئی ہے

میرے شعروں میں اور کچھ نہ سہی

اس کی خوشبو رچی بسی ہوئی ہے

اب تو حالات کافی بہتر ہیں

ورنہ پہلے تو شاعری ہوئی ہے

آپ مت ڈھونڈیے گا کچھ اس میں

یہ غزل اس کے نام کی ہوئی ہے

مزید غزلیں از وسیم تاشف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں