پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وسیم مینائی کی غزلیں — Waseem Minai Ghazals

وسیم مینائی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جانے کیوں بھائی کا بھائی کھل کے دشمن ہو گیا (غزل)

جانے کیوں بھائی کا بھائی کھل کے دشمن ہو گیا

گھر میں دیواریں اٹھانا اب تو فیشن ہو گیا

ایک مفلس کو سڑک پر گالیاں دینے کے بعد

وہ سمجھتا ہے ہمارا نام روشن ہو گیا

آج تو آئے ہمیں کس کی قیادت پر یقیں

کل جو اپنا رہنما تھا آج رہزن ہو گیا

دیکھ کر بچوں کو بھی اب یاد آتا ہی نہیں

محو کچھ ایسا ہمارے دل سے بچپن ہو گیا

چھاتے چھاتے چھا گئی فصل بہاراں پر خزاں

دیکھتے ہی دیکھتے پامال گلشن ہو گیا

میں نے تو حق بات ہی منہ سے نکالی تھی وسیمؔ

جانے کیوں سارا زمانہ میرا دشمن ہو گیا

ڈر موت کا نہ خوف کسی دیوتا کا تھا (غزل)

ڈر موت کا نہ خوف کسی دیوتا کا تھا

وہ فتح یاب یوں تھا کہ بندہ خدا کا تھا

پہلے بھی حادثات ہوئے زندگی کے ساتھ

لیکن جو آج دیکھا وہ منظر بلا کا تھا

لو وہ بھی گر گیا مرے آنگن کا پیڑ آج

ہر وقت جس سے آسرا تازہ ہوا کا تھا

سن کر جسے پہاڑوں کے سینے دہل گئے

یہ بھی کرشمہ دوستو اپنی صدا کا تھا

طوفاں سے بچ نکلنے کی صورت نہ تھی کوئی

یہ فیض میری ماں کے ہی دست دعا کا تھا

تم بھی بھلا دو ترک تعلق کا واقعہ

ہم بھی یہ سوچ لیں گے کہ جھونکا ہوا کا تھا

ساحل پہ لا کے آپ سفینے جلا دیے

یہ کام بھی وسیمؔ ہماری انا کا تھا

مزید غزلیں از وسیم مینائی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں