وسیم ملک کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اے بھنور تیری طرح بے باک ہو جائیں گے ہم (غزل)
اے بھنور تیری طرح بے باک ہو جائیں گے ہم
ساتھ میں رہ کر ترے تیراک ہو جائیں گے ہم
دیکھ موجوں کے حوالے اس طرح مت کر ہمیں
ورنہ اے ساحل ترے سفاک ہو جائیں گے ہم
شاخ سے کٹ کر الگ ہونے کا ہم کو غم نہیں
پھول ہیں خوشبو لٹا کر خاک ہو جائیں گے ہم
ہم کبوتر کی طرح شفاف ہیں معصوم ہیں
تو مٹائے گا تو پھر چالاک ہو جائیں گے ہم
اوڑھ لیں گے یہ زمیں چادر کی طرح ایک دن
ایک دن مٹی تری خوراک ہو جائیں گے ہم
صبح ہوتے ہی امیدیں تھپکیاں دیں گی ہمیں
شام ہوتے ہی بہت نمناک ہو جائیں گے ہم
آگ تو گلزار بن جاتی ہے راہ شوق میں
تم سمجھتے تھے کہ جل کر راکھ ہو جائیں گے ہم
زندگی رسی پہ چلتا اک مداری ہے وسیمؔ
کیا پتہ ہے کب سپرد خاک ہو جائیں گے ہم
جو شخص مرا دست ہنر کاٹ رہا ہے (غزل)
جو شخص مرا دست ہنر کاٹ رہا ہے
نادان ہے شاداب شجر کاٹ رہا ہے
کیا یاد نہیں ظلم کا انجام زمانے
کیا سوچ کے سچائی کا سر کاٹ رہا ہے
فطرت کو کئی چہروں کی پرتوں میں چھپا کر
جانے یہ سزا کیسی بشر کاٹ رہا ہے
تعریف غم ہجر کی کیا مجھ سے بیاں ہو
اک زہر ہے جو قلب و جگر کاٹ رہا ہے
دل آج ترے عہد محبت کے بھروسے
تنہائی کا دشوار سفر کاٹ رہا ہے
کل ساتھ تھا کوئی تو در و بام تھے روشن
تنہا ہوں وسیمؔ آج تو گھر کاٹ رہا ہے