پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وسیم خیر آبادی کی غزلیں — Waseem Khairabadi Ghazals

وسیم خیر آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نزع میں پیار سے کیوں پوچھتے ہو تم مجھ کو (غزل)

نزع میں پیار سے کیوں پوچھتے ہو تم مجھ کو

دم لبوں پر ہے نہیں تاب تکلم مجھ کو

قتل غصہ میں کرو پھیر کے منہ تم مجھ کو

دیکھنا دیکھ نہ لے چشم ترحم مجھ کو

ابھی بیعت میں کروں دست سبو پر ساقی

لے چلیں ہاتھ پکڑ کر جو سوئے خم مجھ کو

تب شب وصل ترا شکر ادا ہو یا رب

بہر تسبیح ملیں دانۂ انجم مجھ کو

ظرف عالی ہے مرا عرش بریں پر ہے دماغ

جام خورشید کا گردوں کا ملے خم مجھ کو

قطرے گرے جو کچھ عرق انفعال کے (غزل)

قطرے گرے جو کچھ عرق انفعال کے

دریا بہا دیے کرم ذوالجلال کے

پہلو سے دل کو لے گئے وہ دیکھ بھال کے

یوسف کو لے چلے ہیں کنویں سے نکال کے

کیوں مٹی دینے آئے جو وعدہ تھا غیر سے

جاتے کہاں ہو آنکھ میں تم خاک ڈال کے

لبریز میں نے مے سے نہ دیکھا اسے کبھی

پھوٹے نصیب ہیں مرے جام سفال کے

ہے مجھ میں اور کوہ کن و قیس میں یہ فرق

میں وحشیٔ ازل ہوں یہ دیوانے حال کے

ہو طور پر عروج انہیں تو ہو غرق نیل

فرعون یہ ملا تجھے موسیٰ کو پال کے

کہتی ہے بڑھ کے زلف کمر سے دم خرام

رکھ دوں گی میں کمر کے ابھی بل نکال کے

رکھیں گی اب کہیں کا نہ پیری کی لغزشیں

رکھنا قدم وسیمؔ بہت ہی سنبھال کے

مزید غزلیں از وسیم خیر آبادی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں