وسیم حیدر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آنکھ جھکتی ہے نہ وہ رنگ حیا جاتا ہے (غزل)
آنکھ جھکتی ہے نہ وہ رنگ حیا جاتا ہے
یار وہ شخص بڑے زخم لگا جاتا ہے
میں وہ پتھر ہوں کہ وحشت میں اٹھا کر جس کو
بے سبب یوںہی کہیں پھینک دیا جاتا ہے
زندگی جیسے کوئی تیز ہوا کا جھونکا
یوںہی آتا ہے ذرا خاک اڑا جاتا ہے
میں کسی ساعت موجود میں موجود نہیں
میں وہ لمحہ ہی نہیں جس کو جیا جاتا ہے
بے گلہ یوں بھی ہے ہر شخص نئے حاکم سے
جو گلہ کرنے کو جاتا ہے گلا جاتا ہے
میں وہ رستے میں بھٹکتا ہوا اندھا ہوں وسیمؔ
جس کو ہر شخص غلط راہ لگا جاتا ہے
بنی رہی ہے مصیبت مری انا بڑی دیر (غزل)
بنی رہی ہے مصیبت مری انا بڑی دیر
گلے لگا کے تجھے رو نہیں سکا بڑی دیر
ہوس نہ پوری ہوئی جب کہیں تو علم ہوا
ترے بدن کا رہا مجھ کو آسرا بڑی دیر
میں آج خود سے ملا اور بہت سی باتیں کیں
تمہارا ذکر کیا رویا پھر ہنسا بڑی دیر
خیال و خواب کی دنیا میں زندگی نے مجھے
ذرا سی دیر کو رکھا مگر رہا بڑی دیر
نہ جانے رات نے کیسا طلسم پھونکا تھا
وہ چاند ہنستا رہا بولتا رہا بڑی دیر
وہ کہہ رہا تھا بچھڑنے سے پہلے سوچ تو لو
سمے نہیں تھا وگرنہ میں سوچتا بڑی دیر
کسی کی یاد کی دستک ہوئی تو چونک پڑے
ہمارے ذہن میں گونجی کوئی صدا بڑی دیر
ہوا صفت جو مجھے چھو گیا اچانک سے
مرے وجود کا لرزہ نہیں گیا بڑی دیر
گھٹن زیادہ ہے نفرت ہے اب نہیں رہتا
دلوں میں پہلے تو رہتا رہا خدا بڑی دیر
وسیمؔ دشت میں نیند آ گئی تھی وحشت کو
رکا رہا وہیں حیرت کا قافلہ بڑی دیر
تمہیں پتہ ہے (نظم)
تمہیں پتہ ہے
تمہارے پیچھے تمام شب جاگنا مرا مشغلہ رہا ہے
یہ میری آنکھوں کے گرد گہرے سیاہ حلقے
یہ زرد رنگت اداس آنکھیں
بدن کو دیکھو نحیف جیسے خزاں رسیدہ شجر ہو یا پھر مریض کوئی
یہ سب تمہاری ہی
خیر چھوڑو
بتاؤ کیسی گزر رہی ہے
مجھے تو یکسر بھلا چکی ہوگی ہے نا ایسا ہی
کچھ تو بولو
تمہاری آنکھوں کو کیا ہوا ہے اداس کیوں ہو
ارے یہ آنسو
تم ایسی بالکل نہیں تھی
ہنستی ہوئی وہ پاگل سی شوخ لڑکی کہاں گئی ہے
بدل گئی ہو
بتاؤ کیا کوئی سانحہ رونما ہوا ہے کہ جس نے تم کو بدل دیا ہے
وہ ہنستا چہرہ نہیں رہا ہے
حسین لڑکی
تم اپنے حصے کا غم مجھے دو میں اپنے حصے کا رو چکا ہوں