وسیم فرحت علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اپنی ہر ہار پہ اک جشن مناتے رہیے (غزل)
اپنی ہر ہار پہ اک جشن مناتے رہیے
زندگی بوجھ سہی بوجھ اٹھاتے رہیے
کوئی آنے کے لیے کوئی تو ہو اندر بھی
فلسفے چھوڑیئے زنجیر ہلاتے رہیے
راہ چلنے کے لیے پاؤں ضروری تو نہیں
سر نہیں نہ سہی دستار سجاتے رہیے
کیا ضروری ہے کہ ہر کام سلیقے سے ہو
جذبے ٹھنڈے سہی سگریٹ جلاتے رہیے
کوشش رکنیت اردو اکیڈمی نہ سہی
کم سے کم شعری پلندے تو چھپاتے رہیے
آگہی جرم ہے بے سود ہے بے داری وسیمؔ
آپ بھی سوئیے اوروں کو سلاتے رہیے
علم کو اپنے با وقار کرو (غزل)
علم کو اپنے با وقار کرو
جاہلوں میں مرا شمار کرو
دوست سب کام کر چکے اپنا
سوچتے کیا ہو تم بھی وار کرو
فن کسے چاہیے سو ایسے میں
بس ترنم کا کاروبار کرو
پگڑی آئی تو سر بھی آئے گا
اور کچھ دیر انتظار کرو
دن میں تعبیریں ٹوٹتی دیکھو
رات بھر خواب کا شکار کرو
بوجھ ہے سر بھی جن کے کاندھوں پر
ایسے لوگوں سے خوب پیار کرو
تیر کر لوگ ڈوب جاتے ہیں
ڈوب کر آج دریا پار کرو
کون فرحتؔ وہ حق نوا فرحتؔ
بے تکلف اسے شکار کرو