پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وسیم بریلوی کی غزلیں — Waseem Barelvi Ghazals

وسیم بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنے ہر ہر لفظ کا خود آئنہ ہو جاؤں گا (غزل)

اپنے ہر ہر لفظ کا خود آئنہ ہو جاؤں گا

اس کو چھوٹا کہہ کے میں کیسے بڑا ہو جاؤں گا

تم گرانے میں لگے تھے تم نے سوچا ہی نہیں

میں گرا تو مسئلہ بن کر کھڑا ہو جاؤں گا

مجھ کو چلنے دو اکیلا ہے ابھی میرا سفر

راستہ روکا گیا تو قافلہ ہو جاؤں گا

ساری دنیا کی نظر میں ہے مرا عہد وفا

اک ترے کہنے سے کیا میں بے وفا ہو جاؤں گا

محبت نا سمجھ ہوتی ہے سمجھانا ضروری ہے (غزل)

محبت نا سمجھ ہوتی ہے سمجھانا ضروری ہے

جو دل میں ہے اسے آنکھوں سے کہلانا ضروری ہے

اصولوں پر جہاں آنچ آئے ٹکرانا ضروری ہے

جو زندہ ہو تو پھر زندہ نظر آنا ضروری ہے

نئی عمروں کی خود مختاریوں کو کون سمجھائے

کہاں سے بچ کے چلنا ہے کہاں جانا ضروری ہے

تھکے ہارے پرندے جب بسیرے کے لیے لوٹیں

سلیقہ مند شاخوں کا لچک جانا ضروری ہے

بہت بے باک آنکھوں میں تعلق ٹک نہیں پاتا

محبت میں کشش رکھنے کو شرمانا ضروری ہے

سلیقہ ہی نہیں شاید اسے محسوس کرنے کا

جو کہتا ہے خدا ہے تو نظر آنا ضروری ہے

مرے ہونٹوں پہ اپنی پیاس رکھ دو اور پھر سوچو

کہ اس کے بعد بھی دنیا میں کچھ پانا ضروری ہے

میں نے مدت سے کوئی خواب نہیں دیکھا ہے (نظم)

میں نے مدت سے کوئی خواب نہیں دیکھا ہے

رات کھلنے کا گلابوں سے مہک آنے کا

اوس کی بوندوں میں سورج کے سما جانے کا

چاند سی مٹی کے ذروں سے صدا آنے کا

شہر سے دور کسی گاؤں میں رہ جانے کا

کھیت کھلیانوں میں باغوں میں کہیں گانے کا

صبح گھر چھوڑنے کا دیر سے گھر آنے کا

بہتے جھرنوں کی کھنکتی ہوئی آوازوں کا

چہچہاتی ہوئی چڑیوں سے لدی شاخوں کا

نرگسی آنکھوں میں ہنستی ہوئی نادانی کا

مسکراتے ہوئے چہرے کی غزل خوانی کا

تیرا ہو جانے ترے پیار میں کھو جانے کا

تیرا کہلانے کا تیرا ہی نظر آنے کا

ہاتھ رکھ دے مری آنکھوں پہ کہ نیند آ جائے

مزید غزلیں از وسیم بریلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں