Waseem Ahmad Fida کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک ذرا بات میں جادو وہ چلا دیتا ہے (غزل)
اک ذرا بات میں جادو وہ چلا دیتا ہے
جیسے پت جھڑ میں کوئی پھول کھلا دیتا ہے
اس کے ہونٹوں پہ ابھرتا ہے تبسم جس دم
دل تاریک میں اک شمع جلا دیتا ہے
جھوٹے وعدوں سے مجھے جھوٹی تسلی دے کر
میری بے لوث وفا کا وہ صلہ دیتا ہے
اس کی آنکھوں میں گوارا نہیں آنسو مجھ کو
جو سدا درد مجھے دے کے رلا دیتا ہے
تیری یادوں کا ہر اک لمحہ دل ویراں کو
اک نئی روشنی دیتا ہے جلا دیتا ہے
یہ مہکتا ہوا احساس تری قربت کا
میری ہستی کے گلابوں کو کھلا دیتا ہے
جان و دل چاہے فداؔ کر دو وفاؤں پہ مگر
ان وفاؤں کا صلہ کون بھلا دیتا ہے
میری آنکھوں کے سہارے دل میں وہ اترا ہے کیوں (غزل)
میری آنکھوں کے سہارے دل میں وہ اترا ہے کیوں
اور پھر اک درد بن کر مجھ میں ہی ٹھہرا ہے کیوں
کیوں مری ہی ذات میں سے تشنگی حد سے سوا
میرے اندر پیاس کا یہ بے کراں صحرا ہے کیوں
بال و پر جب نوچ ڈالے میرے پھر خدشہ ہے کیا
اڑ نہیں سکتا ہوں پھر بھی بند یہ پنجرا ہے کیوں
کوئی رشتہ ہے ہمارے درمیاں باقی ابھی
ورنہ تیرا درد سینے سے مرے گزرا ہے کیوں
حوصلوں سے ہی تو آساں ہوں گی ساری مشکلیں
تیرے دل میں پاس کا یہ مستقل ڈیرا ہے کیوں
اے مصور دہشتوں کے سائے میں جیتا ہے کیا
تیری ہر تصویر میں یہ خون سا بکھرا ہے کیوں
جب فداؔ وہ کائنات دل میں رہتا ہی نہیں
پھر تری یادوں پر اس کا اس قدر پہرا ہے کیوں