وارث ریاضی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مری بے زبانی زباں ہو نہ جائے (غزل)
مری بے زبانی زباں ہو نہ جائے
نہاں ہے جو دل میں عیاں ہو نہ جائے
وہ مجھ پر کہیں مہرباں ہو نہ جائے
متاع سکوں رائیگاں ہو نہ جائے
ستاروں سے آگے قدم رکھنے والو
زمین ستم آسماں ہو نہ جائے
کہیں میری روداد درد محبت
مری جاں تری داستاں ہو نہ جائے
مری جرأت عرض حسن تمنا
کہیں ان کے دل پر گراں ہو نہ جائے
عداوت مظالم تصادم سے وارثؔ
جہنم پہ جنت نشاں ہو نہ جائے
گریۂ شبنم گلوں کی چاک دامانی کی بات (غزل)
گریۂ شبنم گلوں کی چاک دامانی کی بات
کس نے سمجھا نکہت گل کی پریشانی کی بات
جب سے بدلا ہے زمانے کا نظام اقتدار
راہزن کرتے ہیں منزل کی نگہبانی کی بات
شکوۂ جور و جفا بے سود ہے ان کے حضور
ذکر اخلاص و وفا سے جہل و نادانی کی بات
آستینوں میں لئے پھرتے ہیں ہو خنجر مدام
وہ بھی کرتے ہیں فلاح نوع انسانی کی بات
عقل سے نا آشنا علم و ہنر سے بے خبر
میں نہیں کرتا کسی سے بھی ہمہ دانی کی بات
باعث تسکین ہے وارثؔ ہر گھڑی میرے لئے
مدحت خیرالبشر محبوب ربانی کی بات