پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

واقف رائے بریلوی کی غزلیں — Waqif Rae Barelvi Ghazals

واقف رائے بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بدلے ہوئے حالات سے مایوس نہ ہونا (غزل)

بدلے ہوئے حالات سے مایوس نہ ہونا

انسان کے جذبات سے مایوس نہ ہونا

یہ رات اسی کی ہے سحر بھی ہے اسی کی

اس درد بھری رات سے مایوس نہ ہونا

ہر دل سے اداسی کا بھرم توڑتے رہنا

مایوس خیالات سے مایوس نہ ہونا

مانا کہ بہت آگ ہے ماحول میں لیکن

اس ملک کی برسات سے مایوس نہ ہونا

دنیا سے بہت آس لگانا نہیں اے دوست

دنیا کی کسی بات سے مایوس نہ ہونا

کچھ لوگ ذرا دیر میں کھلتے ہیں کسی سے

پہلی ہی ملاقات سے مایوس نہ ہونا

آوارہ سوالات کی منزل بھی ہے واقفؔ

دنیا کے جوابات سے مایوس نہ ہونا

کھیل موجوں کا خطرناک سہی کیا میں اس کھیل سے ڈر جاؤں گا (غزل)

کھیل موجوں کا خطرناک سہی کیا میں اس کھیل سے ڈر جاؤں گا

پھر کوئی لہر پکارے گی پھر میں دریا میں اتر جاؤں گا

خوبصورت ہیں یہ آنکھیں لیکن کیا میں آنکھوں میں ٹھہر جاؤں گا

خواب کی طرح سے دیکھا ہے تمہیں خواب کی طرح بکھر جاؤں گا

شکل بن جاؤں گا بادل میں کبھی پروا میں ابھر جاؤں گا

میں کسی یاد کا جھونکا بن کر تیرے آنگن سے گزر جاؤں گا

یہ محبت مجھے طاقت دے گی حوصلہ دے گی یہ ہمت دے گی

روشنی تیری نظر سے لے کر ہر اندھیرے سے گزر جاؤں گا

کوئی مقصد نہ کوئی مستقبل کوئی ساتھی نہ ہے کوئی منزل

تم کو جانا ہے جہاں تم جاؤ کیا بتاؤں میں کدھر جاؤں گا

کیوں نہیں مجھ کو بھی پیارا ہے وطن ہے مگر ساری زمیں اپنا چمن

کسی آنگن میں کھلا ہوں واقفؔ کسی دھرتی پہ بکھر جاؤں گا

میں وہ کشتی ہوں کبھی جس کو کنارا نہ ملا (نظم)

میں وہ کشتی ہوں کبھی جس کو کنارا نہ ملا

لے لیا اپنی جوانی کا سہارا میں نے

جب مجھے قوم کے ہاتھوں کا سہارا نہ ملا

ہو کے مجبور جہنم کو بسایا میں نے

جب مجھے مندر و مسجد میں ٹھکانا نہ ملا

کل حقارت سے جو کہتے تھے بھکارن مجھ کو

آج کہتے ہیں کہ گلشن میں نیا پھول کھلا

کوئی سمجھا نہ میری روح کو خاموش پکار

سب سمجھتے رہے چلتا ہو سکہ مجھ کو

چند لمحے تو گزر جائیں گے اچھے خاصے

جس نے دیکھا اسی انداز سے دیکھا مجھ کو

کھیلتی ہے مری رگ رگ سے یہ پاپی دنیا

دے کے کاغذ کے کھلونے مجھے بہلاتی ہے

میری مجروح جوانی کی شکستہ کشتی

کتنے بپھرے ہوئے طوفانوں سے ٹکراتی ہے

میری آغوش کو فردوس سمجھنے والو

تم کو معلوم ہے کس طرح سے میں جتنی ہوں

چند چاندی کے کھنکتے ہوئے سکوں کے تلے

رات پھر اپنی جوانی کا لہو پیتی ہوں

گندی نالی میں اسے پھینک دیا جائے گا

وہ کلی جو ابھی معصوم ہے بے پروا ہے

میری بچی میری بچی بھی طوائف ہوگی

سانپ کی طرح یہ احساس مجھے دستا ہے

کل کسی قوم کے خادم نے سہارا نہ دیا

آج کس منہ سے یہ کہتے ہو کہ بد کار ہوں میں

میں تمہارے ہی تو کردار کا آئینہ ہوں

کون کہتا ہے کہ پاپی ہوں گناہ گار ہوں میں

مزید غزلیں از واقف رائے بریلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں