وقاص عزیز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے اختلاف ضروری تمہیں پتا نہیں ہے (غزل)
ہے اختلاف ضروری تمہیں پتا نہیں ہے
چراغ کیسے جلے گا جہاں ہوا نہیں ہے
تمہارے ہاتھ چھڑانے سے رک گیا ہے سفر
یہ دھوپ چھاؤں مسافر کا مسئلہ نہیں ہے
تمہارے جانے سے بے لطف ہو گئی ہر شے
کہ زہر کھا کے بھی دیکھا ہے ذائقہ نہیں ہے
میں ڈھونڈ لایا ہوں جب اس کے جیسا دوجا شخص
سو اب وہ کہنے لگا مجھ سا تیسرا نہیں ہے
زماں مکاں میں کہیں ہوگا ڈھونڈ لوں گا اسے
مجھے بس اتنا بتا دو کہ وہ خدا نہیں ہے
مری خموشی کو بھی اک صدا سمجھتے رہے (غزل)
مری خموشی کو بھی اک صدا سمجھتے رہے
میں کیا تھا اور مجھے لوگ کیا سمجھتے رہے
ہماری نسل کو عجلت نے نا مراد کیا
ذرا سے شور کو یہ دیر پا سمجھتے رہے
یہ دوست میرے مجھے آج تک نہ جان سکے
میں ایک درد تھا لیکن دوا سمجھتے رہے
دکھائی دیتا تھا یہ شہر میری آنکھوں سے
یہاں کے لوگ مجھے آئنہ سمجھتے رہے
خیال یار کی چادر تھی ایک خواب عزیزؔ
یہ اور بات اسے ہم قبا سمجھتے رہے