پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وقار واثقی کی غزلیں — Waqar Vasiqi Ghazals

وقار واثقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کس قدر وزن ہے خطاؤں میں (غزل)

کس قدر وزن ہے خطاؤں میں

ذکر رہتا ہے پارساؤں میں

واپسی پر اتر گیا چہرہ

جا کے بیٹھا تھا ہم‌ نواؤں میں

راز کی بات ہے دعا نہ کرو

یاد رکھنا ہمیں دعاؤں میں

ڈھونڈ شاید ملے پیام ضمیر

بوڑھے برگد کی ان چٹانوں میں

اپنی تعریف کرنے بیٹھا تھا

بات اڑا دی گئی ہواؤں میں

چہرے بدلے ہوے ہیں شمرؔ و یزیدؔ

عہد حاضر کی کربلاؤں میں

سوچتے ہو وقارؔ کیا تم بھی

نام آ جائے پارساؤں میں

اپنے اندر اتر رہا ہوں میں (غزل)

اپنے اندر اتر رہا ہوں میں

دھیرے دھیرے سدھر رہا ہوں میں

نور و ظلمت میں امتیاز نہیں

اس کنوئیں میں اتر رہا ہوں میں

جس کو دیکھو چرا رہا ہے نگاہ

کس گلی سے گزر رہا ہوں میں

خود کو اک دن سمیٹنا بھی ہے

آج کل تو بکھر رہا ہوں میں

چھوڑا اندیشہ ہائے دور دراز

جی رہا ہوں کہ مر رہا ہوں میں

جانتا ہوں میں ہر قدم اس کا

مدتوں ہم سفر رہا ہوں میں

سارے چہرے ہیں یہ تو ان جانے

میہماں کس کے گھر رہا ہوں میں

مزید غزلیں از وقار واثقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں