وقار طاہری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
الجھا رہتا ہوں اکثر اندیشوں میں (غزل)
الجھا رہتا ہوں اکثر اندیشوں میں
نام لکھا ہے میرا بھی درویشوں میں
گھر جا کر بھی آخر کیا ملنا ہے مجھے
کیوں الجھوں الٹے سیدھے اپدیشوں میں
پتھر اب بھی جھک کے سلامی دیتے ہیں
دھار نہیں باقی ہے یارو تیشوں میں
وقت نے آخر بزدل کہلا ہی ڈالا
ہم بھی گنے جاتے تھے کبھی نریشوں میں
گھر کے لوگ دعائیں کرتے رہتے ہیں
میں پھرتا رہتا ہوں دیش ودیشوں میں
سایہ پیپل سا ہے دم لینے کو وقارؔ
مہک نرالی سی ہے گھنیرے کیشوں میں
عارض کو گلاب لکھ رہا ہوں (غزل)
عارض کو گلاب لکھ رہا ہوں
پانی کو سراب لکھ رہا ہوں
کچھ تو ہے مجھے کہ نام تیرا
ہر ریگ بر آب لکھ رہا ہوں
تجھ کو میں پرندۂ شفق گوں
دنیا کو عقاب لکھ رہا ہوں
ہر چند رفیق بے کسی ہیں
یادوں کو عذاب لکھ رہا ہوں
لے آج ترے حسیں بدن کو
دریائے چناب لکھ رہا ہوں
آ پھر مری لذتوں میں کھو جا
میں کار ثواب لکھ رہا ہوں
اس تیرہ و تار فاصلے کو
میں صرف نقاب لکھ رہا ہوں
برباد نہ کر حدیث دوراں
اے چشم پر آب لکھ رہا ہوں
لرزاں ہے قلم بہ سطح قرطاس
ہاں مست شباب لکھ رہا ہوں