وقار ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل کے جذبات دبائے رکھنا (غزل)
دل کے جذبات دبائے رکھنا
داغ سینے کے چھپائے رکھنا
غم کی راہوں میں اندھیرے ہیں بہت
دیپ خوشیوں کے جلائے رکھنا
تیرے دل میں نہ اتر جائے کہیں
خود کو دنیا سے بچائے رکھنا
ہم نے سیکھا ہے تمہیں سے لوگو
اپنے چہرے کو چھپائے رکھنا
فریب جھوٹ دغا ہے ہماری بستی میں (غزل)
فریب جھوٹ دغا ہے ہماری بستی میں
یہ کیسا زہر گھلا ہے ہماری بستی میں
چراغ بن کے جو سب کے دلوں میں روشن تھا
اسی کا گھر تو جلا ہے ہماری بستی میں
میں کیا بتاؤں میاں کون خیریت سے ہے
سبھی کا حال برا ہے ہماری بستی میں
انہیں بھروسہ ہے تیر و کمان پر اپنے
ہمیں یقیں ہے خدا ہے ہماری بستی میں
ہزار ڈھونڈئیے بندہ کوئی نہیں ملتا
ہر ایک شخص خدا ہے ہماری بستی میں
ہر ایک آنکھ میں آنسو ہر ایک لب پہ فغاں
یہ کیسی آب و ہوا ہے ہماری بستی میں
وقارؔ آج تلک بھی سمجھ نہ پائے ہم
کہ کون کس پہ فدا ہے ہماری بستی میں
پوچھو مجھ سے ہی عید مفلس کی (نظم)
پوچھو مجھ سے ہی عید مفلس کی
میں نے دیکھی ہے عید مفلس کی
لے کے ہم راہ قافلے غم کے
آ کے پہنچی ہے عید مفلس کی
عید کے دن بھی گھر میں سناٹا
جیسے سوئی ہے عید مفلس کی
کس نے سوچا ہے ایک لمحہ بھی
کیسے ہوتی ہے عید مفلس کی
عید کے دن بھی دل رہا مغموم
جب سے دیکھی ہے عید مفلس کی
یوں تو رقصاں تھیں چار سو خوشیاں
روتے گزری ہے عید مفلس کی
بچے پہنے ہیں مانگ کر کپڑے
جب بھی آتی ہے عید مفلس کی
مجھ سے پوچھو وقارؔ کیسی تھی
میں نے دیکھی ہے عید مفلس کے