وقار فاطمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
برسوں بعد ملا تو اس نے ہم سے پوچھا کیسے ہو (غزل)
برسوں بعد ملا تو اس نے ہم سے پوچھا کیسے ہو
شہر نگاراں کے مرکز تھے تنہا تنہا کیسے ہو
وہ کچھ میرے درد کو بانٹے میں کچھ اس کے غم لے لوں
ایسا ہو تو کیا اچھا ہو لیکن ایسا کیسے ہو
چہرے پر جو ہریالی تھی وہ شہروں میں زرد ہوئی
گاؤں کا مکھیا پوچھ رہا ہے میرے بھیا کیسے ہو
اٹھتی ہوئی موجوں کے نیچے کتنا گہرا پانی ہے
ہم جیسے کچھ لوگ نہ ڈوبیں تو اندازہ کیسے ہو
تیز و تند ہوا کے ہاتھوں کیا بیتے یہ بات الگ
شاخیں جب تک ساتھ نہ چھوڑیں پتا پیلا کیسے ہو
موسم کو بھی وقارؔ بدل جانا چاہئے (غزل)
موسم کو بھی وقارؔ بدل جانا چاہئے
کھولی ہیں کھڑکیاں تو ہوا آنا چاہئے
بے جا انا سے اور الجھتے ہیں مسئلے
آیا نہیں ہے وہ تو مجھے جانا چاہئے
سچ کو بھی جھوٹ جھوٹ کو سچ کر دکھاؤ گے
بس اک امیر شہر سے یارانہ چاہئے
سورج کا فیض عام ہے پر وہ بھی کیا کرے
روزن تو گھر میں کوئی نظر آنا چاہئے
ہم جیسے لوگ یوں تو بڑے سخت جان ہیں
اک وار چاہیے سو شریفانہ چاہیے