پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وقار حلم سید نگلوی کی غزلیں — Waqar Hilm Syed Naglavi Ghazals

وقار حلم سید نگلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زندگی اتنی بے مزہ کیوں ہے (غزل)

زندگی اتنی بے مزہ کیوں ہے

درد و غم سے یہ آشنا کیوں ہے

اس زمانے کے ساتھ ساتھ ہوں میں

پھر مخالف مرے ہوا کیوں ہے

چارہ گر بھی نہ کر سکے تشخیص

عشق کا دل کو عارضہ کیوں ہے

شہر میں گھر تو اور بھی تھے مگر

اک ہمارا ہی گھر جلا کیوں ہے

جب وہ شہ رگ کے ہے قریب تو پھر

میری نظروں سے وہ چھپا کیوں ہے

ہم ابھی متحد ہوئے بھی نہیں

سارے عالم میں تہلکہ کیوں ہے

اس کے غم میں پتہ چلا رو کر

قطرۂ اشک بے بہا کیوں ہے

سکتے میں کفر آج بھی ہے وقارؔ

رہنما حق کی کربلا کیوں ہے

چشم تر ہے سحاب ہے کیا ہے (غزل)

چشم تر ہے سحاب ہے کیا ہے

اشک گوہر ہے آب ہے کیا ہے

مرنا جینا جناب ہے کیا ہے

ہر نفس انقلاب ہے کیا ہے

زہر پھیلا فضا میں نفرت کا

یہ سیاست کا باب ہے کیا ہے

جام دنیا کو منہ لگا کر دیکھ

زہر ہے یا شراب ہے کیا ہے

صنف نازک یہ تبصرہ کیجیے

خار ہے یا گلاب ہے کیا ہے

ہم سے عالم کی پوچھ اصلیت

یہ حقیقت ہے خواب ہے کیا ہے

کون جان اداؤں میں اس کی

بچپنا ہے شباب ہے کیا ہے

وہ وقارؔ آپ کا مرصع حلمؔ

بے نقط اک کتاب ہے کیا ہے

مزید غزلیں از وقار حلم سید نگلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں