پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وقار بجنوری کی غزلیں — Waqar Bijnori Ghazals

وقار بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں خود سری نہیں ہوتی (غزل)

عشق میں خود سری نہیں ہوتی

حسن میں بندگی نہیں ہوتی

ناوک افگن بتا تو دے آخر

درد میں کیوں کمی نہیں ہوتی

راز الفت کہاں چھپائیں ہم

دل سے بھی دشمنی نہیں ہوتی

وہ محبت بھی کیا محبت ہے

جس میں دیوانگی نہیں ہوتی

آہ کر کے بھی ہم نے دیکھ لیا

سوز غم میں کمی نہیں ہوتی

مست آنکھوں ہی سے پلا ساقی

جام سے بے خودی نہیں ہوتی

جب کبھی سامنے وہ آتے ہیں

ہم سے اک بات بھی نہیں ہوتی

کیا کریں ایسے غم کو ہم لے کر

جس میں ان کی خوشی نہیں ہوتی

کیسی تقدیر ہے ہماری وقارؔ

غم ہی غم ہیں خوشی نہیں ہوتی

رہ کہکشاں سے گزر گیا ہمہ این و آں سے گزر گیا (غزل)

رہ کہکشاں سے گزر گیا ہمہ این و آں سے گزر گیا

کوئی بزم ناز و نیاز میں میں حد و کماں سے گزر گیا

نہ کوئی جہاں سے گزر سکے یہ وہاں وہاں سے گزر گیا

ترے عشق میں دل مبتلا ہر اک امتحاں سے گزر گیا

ترے عشق سینہ فگار کا یہ شعور قابل داد ہے

وہی تیر دل سے لگا لیا جو تری کماں سے گزر گیا

ترے حسن سجدہ نواز کا یہ کرم جبین نیاز پر

کہ ملے حرم ہی حرم مجھے میں جہاں جہاں سے گزر گیا

مرے ناصحا ترا شکریہ مرے حال پر مجھے چھوڑ دے

جو تری زمیں پہ محیط ہے میں اس آسماں سے گزر گیا

یہ نظام بزم حیات کا ابھی خلفشار کی نذر تھا

وہ تو شکر ہے کہ فسانہ خواں مری داستاں سے گزر گیا

رہے قید و بند کی لذتیں کہ اذیتیں بھی ہیں راحتیں

میں قفس میں آتے ہی سرحد غم آشیاں سے گزر گیا

نہ وقارؔ دیر سے واسطہ نہ حرم سے مجھ کو کوئی غرض

کسی بے نشاں کی تلاش میں میں ہر اک نشاں سے گزر گیا

مزید غزلیں از وقار بجنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں