وقار اشہر جنیٹوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گھر جلا ڈالے روشنی کے لئے (غزل)
گھر جلا ڈالے روشنی کے لئے
یہ مناسب ہے آدمی کے لیے
مسکراہٹ خریدنے والو
غم ضروری ہے زندگی کے لئے
لوگ ایمان بیچ دیتے ہیں
چند لمحات کی خوشی کے لئے
رہ گزاروں میں دیپ روشن ہیں
گھر ترستے ہیں روشنی کے لئے
چین عزت سکون خوشحالی
بخش دے اے خدا سبھی کے لئے
کون سنجیونی کو لائے اب
نسل آدم کی زندگی کے لئے
شہر میں راہزنوں کے کاش اشہرؔ
کوئی تو آئے رہبری کے لئے
وقت کی بہتی ہوئی دھار پہ چلنا ہوگا (غزل)
وقت کی بہتی ہوئی دھار پہ چلنا ہوگا
اب ہمیں فکر کا انداز بدلنا ہوگا
وقت کی آگ میں ہر چیز کو گلنا ہوگا
چاند تو چاند ہے سورج کو بھی ڈھلنا ہوگا
وقت مہلت ہی کہاں دے گا سنبھلنے کی ہمیں
رات کالی ہے سر شام سے چلنا ہوگا
اپنی ملت کو بچانے کے لئے درویشو
ہم کو گھر سے تمہیں صحرا سے نکلنا ہوگا
عشق سینے میں بسا لینا کوئی کھیل نہیں
موم کی طرح شب و روز پگھلنا ہوگا
ظلم کا راج غریبوں پہ ہے کب تک اشہرؔ
اک نہ اک روز یہ قانون بدلنا ہوگا