پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولی عزلت کی غزلیں — Wali Uzlat Ghazals

ولی عزلت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آج دل بے قرار ہے میرا (غزل)

آج دل بے قرار ہے میرا

کس کے پہلو میں یار ہے میرا

کیوں نہ عشاق پر ہوؤں منصور

جوں سپند آہ دار ہے میرا

بے قرار اس کا ہوں گا حشر میں بھی

یہی اس سے قرار ہے میرا

رنگ زرد اور سرشک سرخ تو دیکھ

کیا خزاں میں بہار ہے میرا

میرے قاتل کے کف حنائی نہیں

مشت خوں یادگار ہے میرا

کھول کر قبر دیکھ مشق جنوں

کہ کفن تار تار ہے میرا

آتے جاتے مگر تو ٹھکراوے

تیرے در پر مزار ہے میرا

آنکھ موندے ہے میری خاک سے بھی

یاں تک اس کو غبار ہے میرا

جیتے رہو کیوں ہوئے رقیب کے ہار

یہی سینے میں خار ہے میرا

تیرے کوچے کے سگ کی پا بوسی

باعث افتخار ہے میرا

بندۂ یار عزلتؔ مرحوم

نقش لوح مزار ہے میرا

میرے اشکوں کی گئی تھی ریل ویرانے پہ کیا گزرا (غزل)

میرے اشکوں کی گئی تھی ریل ویرانے پہ کیا گزرا

خبر نیں حضرت مجنوں کے کاشانے پہ کیا گزرا

ان آنکھوں کو دیا تھا دل وہ دیوانے پہ کیا گزرا

پڑا تھا بات بد مستوں کے پیمانے پہ کیا گزرا

میں اور زنار ہے تسبیح صد دانے پہ کیا گزرا

مرے کافر ہوئے سیتی خدا جانے پہ کیا گزرا

دیا دل وصل لینے کو بگاڑا غیر نے سودا

بکا اس غم کے ہاتھوں میں کہ بیگانے پہ کیا گزرا

وہ زلفیں بس رقیبوں کے دلوں کی سخت گرہیں تھیں

کہو میرے دل صد چاک کے شانے پہ کیا گزرا

نہ پوچھا بھول کر بھی فصل گل میں شیشہ‌ خو تو نے

کہ اس پتھراؤ میں طفلوں کے دیوانے پہ کیا گزرا

پھرے آتے ہیں مستاں در‌ گہ پیر مغاں سیتی

کیا تھا خانہ ویراں شیخ میخانے پہ کیا گزرا

ڈھکی تھی آتش گل تا سر دیوار باغ اب کے

خبر عزلتؔ کو نیں بلبل کے خس خانہ پہ کیا گزرا

مزید غزلیں از ولی عزلت ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں