پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولی الحق کی غزلیں — Waliul Haq Ghazals

ولی الحق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوسف کی طرح رونق بازار میں ہی تھا (غزل)

یوسف کی طرح رونق بازار میں ہی تھا

پونجی تھا میں ہی اور خریدار میں ہی تھا

وہ جس کے تیر سے مرا سینہ ہوا فگار

گر تو یقیں کرے مرے غم خوار میں ہی تھا

کل میکدے میں ٹھیک ہی دیکھا تھا آپ نے

با صاحبان جبہ و دستار میں ہی تھا

اس کا تو میرے واسطے آغوش وا رہا

دنیائے آب و رنگ سے بیزار میں ہی تھا

تا عمر اپنے آپ کو دیتا رہا فریب

پوشیدہ اپنے آپ میں غدار میں ہی تھا

دیکھا یہ آپ نے مرا انداز خود کشی

خود اپنے دشمنوں کا طرف دار میں ہی تھا

جس کی بنا تھی ریت پہ جس میں لگی تھی لاکھ

اس قصر بے اساس کا معمار میں ہی تھا

الزام اس کو دوں بھی تو کس منہ سے اے ولیؔ

جب ہر سلوک بد کا سزاوار میں ہی تھا

میں زندگی کی رہ پر خطر میں تنہا تھا (غزل)

میں زندگی کی رہ پر خطر میں تنہا تھا

پتہ چلا کہ میں اس رہ گزر میں تنہا تھا

خوشی تھی اس کی کہ سب ہی تھے شہر میں اپنے

غم اس کا تھا کہ میں پھر بھی نگر میں تنہا تھا

سمجھ سکے نہ مجھے وہ بھی جو تھے خود میرے

اداس یوں تھا کہ خود اپنے گھر میں تنہا تھا

نہ تھا کوئی مرا رہبر نہ کوئی میرا رفیق

میں زندگی کے اندھیرے سفر میں تنہا تھا

جہاں میں کہتا بھی کس سے میں دل کا اپنے درد

میں اس خرابۂ بے بام و در میں تنہا تھا

نہ تھا کوئی جو مصائب میں ساتھ دیتا مرا

ہمیشہ نرغۂ برق و شرر میں تنہا تھا

گھرا ہوا تھا میں اہل جہاں کے مجمع میں

مگر میں ہر نگۂ دیدہ ور میں تنہا تھا

تلاش زر میں مرے ساتھ بے شمار تھے لوگ

بہ‌‌ ایں ہمہ میں خود اس شہر زر میں تنہا تھا

وہ اپنے دل میں تھا اک انجمن سجائے ہوئے

وہ جو کہ اہل جہاں کی نظر میں تنہا تھا

کوئی حلیف تھا میرا نہ کوئی میرا حریف

ولیؔ میں رزم گہہ خیر و شر میں تنہا تھا

مزید غزلیں از ولی الحق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں