پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

والی آسی کی غزلیں — Wali Aasi Ghazals

والی آسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یوں تو ہنستے ہوئے لڑکوں کو بھی غم ہوتا ہے (غزل)

یوں تو ہنستے ہوئے لڑکوں کو بھی غم ہوتا ہے

کچی عمروں میں مگر تجربہ کم ہوتا ہے

سگرٹیں چائے دھواں رات گئے تک بحثیں

اور کوئی پھول سا آنچل کہیں نم ہوتا ہے

اس طرح روز ہم اک خط اسے لکھ دیتے ہیں

کہ نہ کاغذ نہ سیاہی نہ قلم ہوتا ہے

ایک ایک لفظ تمہارا تمہیں معلوم نہیں

وقت کے کھردرے کاغذ پہ رقم ہوتا ہے

وقت ہر ظلم تمہارا تمہیں لوٹا دے گا

وقت کے پاس کہاں رحم و کرم ہوتا ہے

فاصلہ عزت و رسوائی میں والیؔ صاحب

سنتے آئے ہیں کہ بس چند قدم ہوتا ہے

ہم اپنے آپ پہ بھی ظاہر کبھی دل کا حال نہیں کرتے (غزل)

ہم اپنے آپ پہ بھی ظاہر کبھی دل کا حال نہیں کرتے

چپ رہتے ہیں دکھ سہتے ہیں کوئی رنج و ملال نہیں کرتے

ہم جو کچھ ہیں ہم جیسے ہیں ویسے ہی دکھائی دیتے ہیں

چہرے پہ بھبھوت نہیں ملتے کبھی کالے بال نہیں کرتے

ہم ہار گئے تم جیت گئے ہم نے کھویا تم نے پایا

ان چھوٹی چھوٹی باتوں کا ہم کوئی خیال نہیں کرتے

تیرے دیوانے ہو جاتے کہیں صحراؤں میں کھو جاتے

دیوار و در میں قید ہمیں اگر اہل و عیال نہیں کرتے

تری مرضی پر ہم راضی ہیں جو تو چاہے سو ہم چاہیں

ہم ہجر کی فکر نہیں کرتے ہم ذکر وصال نہیں کرتے

ہمیں تیرے سوا اس دنیا میں کسی اور سے کیا لینا دینا

ہم سب کو جواب نہیں دیتے ہم سب سے سوال نہیں کرتے

غزلوں میں ہماری بولتا ہے وہی کانوں میں رس گھولتا ہے

وہی بند کواڑے کھولتا ہے ہم کوئی کمال نہیں کرتے

مزید غزلیں از والی آسی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں