پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولی عالم شاہین کی غزلیں — Wali Alam Shaheen Ghazals

ولی عالم شاہین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنا چھوڑا ہوا گھر یاد آیا (غزل)

اپنا چھوڑا ہوا گھر یاد آیا

خلد میں خلد نظر یاد آیا

کتنی صدیوں کی تھکن ہے جاں پر

ایک لمحے کا سفر یاد آیا

جس کے سائے نے جلایا مجھ کو

پھر وہ سرسبز شجر یاد آیا

ہاتھ میں چاند کی مٹی لے کر

کتنے فرقوں کا سفر یاد آیا

ہم ہوئے اپنی نظر میں جھوٹے

اس کا پیمان نظر یاد آیا

اس سے اب خواب کا رشتہ بھی غلط

سر جھٹک دے وہ اگر یاد آیا

کیا نہ ثابت تھی مری خوش ہنری

کیوں ترا حسن نظر یاد آیا

پھر رگ و پے کی فضا ہے بوجھل

پھر بگولوں کا سفر یاد آیا

مدتوں جس کی پرستش کی تھی

پھر وہ آباد کھنڈر یاد آیا

تھے انہی آنکھوں میں سپنے کتنے

اپنا آغاز سفر یاد آیا

رات یوں گھاس کی خوشبو لپٹی

نیند ہی آئی نہ گھر یاد آیا

جم گئے میل کے پتھر کی طرح

کیا سر راہ گزر یاد آیا

پھر ہے شاہینؔ غزل راز چمن

پھر کوئی سوختہ پر یاد آیا

زندگی ہے مختصر آہستہ چل (غزل)

زندگی ہے مختصر آہستہ چل

کٹ ہی جائے گا سفر آہستہ چل

ایک اندھی دوڑ ہے کس کو خبر

کون ہے کس راہ پر آہستہ چل

دیدۂ حیراں کو اک منظر بہت

یوں ہی نظارہ نہ کر آہستہ چل

تیزگامی جس شکم کی آگ ہے

اس سے بچنا ہے ہنر آہستہ چل

جو تگ و دو سے تری حاصل ہوا

رکھ کچھ اس کی بھی خبر آہستہ چل

روز و شب یوں وقت کا دامن نہ کھینچ

دو گھڑی آرام کر آہستہ چل

دنیا تو یہ کہتی ہے بہت مجھ میں ہنر ہے (نظم)

دنیا تو یہ کہتی ہے بہت مجھ میں ہنر ہے

میں چاہوں تو دنیا کو چمن زار بنا دوں

آ جاتا ہے ان باتوں میں دنیا کے مرا دل

جٹ جاتا ہوں میں کام میں جی جان لگا کر

پھر بے خبری حد سے گزر جاتی ہے میری

بٹتا نہیں چل پڑتا ہوں جب اپنی ڈگر پر

یہ دیکھ کے کچھ روز تو چپ رہتی ہے دنیا

دے جاتی ہے ناگاہ مگر مجھ کو دغا بھی

اس درجہ خفا ہوتی ہے وہ میری روش سے

ہوگا نہ کبھی اتنا خفا میرا خدا بھی

دنیا کو نظر آتے ہیں نا وقت بھی مجھ میں

وہ عیب کہ پھر کچھ مجھے کرنے نہیں دیتی

پہنچاتی ہے وہ چوٹ کہ جی رہنا ہو دشوار

مرنے کو ہوں تیار تو مرنے نہیں دیتی

مزید غزلیں از ولی عالم شاہین ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں