پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

ولید انور ولید کی غزلیں — Waleed Anwar Waleed Ghazals

ولید انور ولید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تصور سے کہیں بڑھ کر کوئی منظر بھی دیکھوں گا (غزل)

تصور سے کہیں بڑھ کر کوئی منظر بھی دیکھوں گا

ترے نوخیز دامن کو کبھی چھو کر بھی دیکھوں گا

بہار زندگانی سن تری صورت نہیں گویا

مگر میں آنکھ سے اپنی ترا پیکر بھی دیکھوں گا

ابھی طوفاں کا رخ گرچہ مرے پہلو کی جانب ہے

تری آغوش میں برپا کوئی محشر بھی دیکھوں گا

مرے عشق و جنوں کا تو یہی اک سلسلہ ٹھہرا

کہ کچھ حاصل نہ دیکھوں گا اگر کچھ کر بھی دیکھوں گا

سفر آوارگی کا ہے ولیدؔ اب سوچنا کیسا

اندھیری رات ڈھلنے پر کبھی میں گھر بھی دیکھوں گا

میں جینے کا بہانا سیکھ لوں گا (غزل)

میں جینے کا بہانا سیکھ لوں گا

دکھوں میں مسکرانا سیکھ لوں گا

ہوا کو ہاتھ میں لے کر کسی دن

ترا آنچل اڑانا سیکھ لوں گا

ابھی موسم میں کچھ سنجیدگی ہے

کسی دن چہچہانا سیکھ لوں گا

رہی یہ خوش گمانی ایک مدت

تجھے اک دن بھلانا سیکھ لوں گا

یہ فن گرچہ بہت مشکل ہے لیکن

میں روتوں کو ہنسانا سیکھ لوں گا

بلکتے ہیں مرے بچے مسیحا

انہیں بھوکا سلانا سیکھ لوں گا

سسکتی چیختی ان صورتوں سے

ولیدؔ آنکھیں چرانا سیکھ لوں گا

مزید غزلیں از ولید انور ولید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں