پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وکیل بھوپالی کی غزلیں — Wakeel Bhopali Ghazals

وکیل بھوپالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

محبت میں وہ ہم کو ناشاد کر کے (غزل)

محبت میں وہ ہم کو ناشاد کر کے

پریشاں پریشاں ہیں بیداد کر کے

وہی ہاں وہی جو ہمیں بھول بیٹھے

بہت روئے کل ہم انہیں یاد کر کے

اسی کے لیے میرے لب پر دعا ہے

مجھے رکھ دیا جس نے برباد کر کے

محبت میں وہ دور نزدیک ہے پھر

تڑپ جاؤ گے تم ہمیں یاد کر کے

ہوئی دولت ضبط برباد یوں ہی

ملا کیا شب ہجر فریاد کر کے

نہیں آج تو کل رہوں گا یقیناً

اسیروں کو زنداں سے آزاد کر کے

ہوا اک زمانہ تڑپتے ہیں اب تک

کسی بے مروت کو ہم یاد کر کے

تجھے کیا ملے گا یہ گلچیں سے پوچھیں

گلستاں میں پھولوں کو برباد کر کے

وکیلؔ اہل دل سب تڑپتے رہیں گے

ہماری پریشانیاں یاد کر کے

مان جا دیکھ اعتبار نہ کر (غزل)

مان جا دیکھ اعتبار نہ کر

وہ نہ آئیں گے انتظار نہ کر

اپنا غم رو کے آشکار نہ کر

چاند تاروں کو اشک بار نہ کر

رحم کر اے جنون ذوق نظر

مجھ کو بیگانۂ بہار نہ کر

رند بن دیکھ کیف بادہ نہ بن

ان نگاہوں کا اعتبار نہ کر

توبہ توبہ ترا گلہ اور میں

مجھ کو اتنا تو شرمسار نہ کر

ہوش کو اذن بے خودی دے کر

زندگی کا بھی اعتبار نہ کر

مجھ کو دنیا کی آفتیں ہیں قبول

غم دلی ان کو سوگوار نہ کر

یہ ہے توہین ضبط غم ناداں

اشک غم حسن پر نثار نہ کر

دیکھ انجام طور کیا ہے وکیلؔ

منزل شوق اختیار نہ کر

مزید غزلیں از وکیل بھوپالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں