واجد سحری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پیار کے بندھن رشتے دیکھو (غزل)
پیار کے بندھن رشتے دیکھو
ہاتھ میں کچے دھاگے دیکھو
دیکھنا ہے غم میرا اگر
ان کو مجھ پر ہنستے دیکھو
انگلیاں چھوتے ہی جل جائیں
پھول کے اندر شعلے دیکھو
ہوتی ہے کیسے رسوائی
ان کی گلی میں جا کے دیکھو
چلے گی تیرے جسم کی ناؤ
دریا کو ساحل سے دیکھو
اب کیوں غرق ہے اشکوں میں
کس نے کہا تھا سپنے دیکھو
رہنا ہے دنیا میں اگر
واجدؔ میاں تماشے دیکھو
جس طرف لے کے ہوا جاتی ہے چل دیتے ہیں (غزل)
جس طرف لے کے ہوا جاتی ہے چل دیتے ہیں
پھول چن لیتے ہیں کانٹوں کو مسل دیتے ہیں
خیر خواہی کے طلب گار نہیں ہم لوگو
کوئی مشکل ہو تو حالات کا حل دیتے ہیں
ظالموں کو بھی سکھاتے ہیں محبت کرنی
دل کو احساس کو ذہنوں کو بدل دیتے ہیں
خاک صحرا کی نہیں عقل اڑایا کرتی
دعوت فکر و نظر دشت و جبل دیتے ہیں
کف افسوس تو آتے نہیں ملنا ہم کو
اپنے ہی دل کا لہو ہاتھ پہ مل دیتے ہیں
چاہنے والوں پہ ہرگز نہ بھروسہ کرنا
زندگی مانگنے والوں کو اجل دیتے ہیں
شاعروں کو کوئی عنوان غزل دے واجدؔ
ہم غزل کہہ کے بھی پیغام عمل دیتے ہیں