واجد قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جو نہیں کیا اب تک بے حساب کرنا ہے (غزل)
جو نہیں کیا اب تک بے حساب کرنا ہے
اپنے ہر رویے سے اجتناب کرنا ہے
اب تو کام آئے گی بے گمان سفاکی
خوش گوار پھولوں کو آفتاب کرنا ہے
رنگ اپنی چھتری کا دھوپ نے مٹا ڈالا
صبح ہونے سے پہلے پھر خضاب کرنا ہے
سرفروش لہروں کی سرفروشیاں کب تک
سرفروش لہروں کو زیر آب کرنا ہے
راستے ذہانت کے تاجروں پہ کھلتے ہیں
اس صدی کے چہروں کو بے نقاب کرنا ہے
لہولہان سمندر بھی دیکھنا ہے ابھی (غزل)
لہولہان سمندر بھی دیکھنا ہے ابھی
بریدہ حلق پہ خنجر بھی دیکھنا ہے ابھی
ابھی سے دشت بلا سے فراغتیں کیسی
بلند ہوتا ہوا سر بھی دیکھنا ہے ابھی
مصالحت کہاں ہوگی سپاہ شام کے ساتھ
زباں کی نوک پہ خنجر بھی دیکھنا ہے ابھی
نمیدہ چشم مسافت کی انتہا بھی نہیں
اداس نسل کو زد پر بھی دیکھنا ہے ابھی
تمہارے خواب مری انگلیوں سے باہر ہیں
تمہارے خواب کو چھوکر بھی دیکھنا ہے ابھی
مزید غزلیں از واجد قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں