واجد میرٹھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
گفتار بدل کر کبھی کردار بدل کر (غزل)
گفتار بدل کر کبھی کردار بدل کر
تقدیر میں یوں جیت لکھی ہار بدل کر
اب میرؔ کے غالبؔ کے وہ اسلوب کہاں ہیں
اشعار کہے جاتے ہیں معیار بدل کر
سر دردی کے عنوان سبھی میں ہیں بہ کثرت
ہم نے تو یہی پایا ہے اخبار بدل کر
ہوتی ہے ہر اک جنگ میں کیوں ہار ہماری
دیکھو تو کبھی قافلہ سالار بدل کر
تقدیر کی لکھی ہوئی تحریر بدل دیں
اس شخص نے بات اپنی ہر اک بار بدل کر
اپنی بھی تو رفتار بدل کر کبھی دیکھو
کیا ہوگا بھلا وقت کی رفتار بدل کر
مجبور ہیں لاچار ہیں اس دور میں واجدؔ
لائیں کہاں سے ہم دل خوددار بدل کر
ہوا کم نہ جس کا اثر زندگی بھر (غزل)
ہوا کم نہ جس کا اثر زندگی بھر
نظر میں رہی وہ نظر زندگی بھر
ہم ان کے تصور میں کھوئے ہوئے ہیں
نہ ہو ان کو شاید خبر زندگی بھر
ہمارے تصور میں تھا جس کا نقشا
نہ پایا ہمیں وہ ہی گھر زندگی بھر
نہ آئے گا وہ لوٹ کر یہ خبر تھی
رہا منتظر میں مگر زندگی بھر
کہیں بے ہنر ہم اسے کس ہنر سے
نہ آیا ہمیں یہ ہنر زندگی بھر
وہ میری اڑانوں سے خائف تھا شاید
کترتا رہا میرے پر زندگی بھر
نہ اترے گا احسان اک پل کا واجدؔ
کریں ماں کی خدمت اگر زندگی بھر