واجد حسین ساحل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حوصلہ ہار گیا ضبط نے دم توڑ دیا (غزل)
حوصلہ ہار گیا ضبط نے دم توڑ دیا
گر کے اشکوں نے تبسم کا بھرم توڑ دیا
اور پھر اس نے محبت میں لگا دی شرطیں
ضد کی دہلیز پہ جذبات نے دم توڑ دیا
بت شکن میں بھی ہوں مجھ کو بھی تو غازی کہیے
میں نے جو دل میں تھا پتھر کا صنم توڑ دیا
یوں ان آنکھوں کو تڑپنے کی سزا دی اس نے (غزل)
یوں ان آنکھوں کو تڑپنے کی سزا دی اس نے
اپنی تصویر ہی ڈی پی سے ہٹا دی اس نے
پردہ پوشی کی جزا کیا اسے معلوم نہیں
راز کی بات تھی پر سب کو بتا دی اس نے
پہلے میں دل سے گیا بعد نگاہوں سے بھی
ایک ہی جرم کی دو بار سزا دی اس نے
پہلے تکتا رہا کھڑکی سے وہ خاموشی سے
اور پھر کار کی رفتار بڑھا دی اس نے
کیسی اب سالگرہ کیسی بدھائی یارو
وہ جو بچھڑا تو مری عمر گھٹا دی اس نے
گر پلٹتا تو یہ توہین انا ہو جاتی
میں نے دیکھا ہی نہیں خوب صدا دی اس نے
پہلے ہر خط مرا جی بھر کے نہارا ساحلؔ
اور پھر ان میں وہیں آگ لگا دی اس نے