واجد امیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بیچتے کیا ہو میاں آن کے بازار کے بیچ (غزل)
بیچتے کیا ہو میاں آن کے بازار کے بیچ
اور انا کاہے کو رکھ چھوڑی ہے بیوپار کے بیچ
اس گھڑی عدل کی زنجیر کہاں ہوتی ہے
جب کنیزوں کو چنا جاتا ہے دیوار کے بیچ
شہر ہوتا ہے ستاروں کے لہو سے روشن
طشت میں سر بھی پڑے ہوتے ہیں دربار کے بیچ
کبھی اس راہ میں پھل پھول لگا کرتے تھے
اب لہو کاٹتے ہیں کابل و قندھار کے بیچ
کرب کے واسطے موجود ہے دنیاۓ بہشت
سچ معلق ہے ابھی آتش و گلزار کے بیچ
راکھ بیٹھے گی تو پھر آگ روانہ ہوگی
جانے کب سے جو دہکتی رہی کہسار کے بیچ
شام اترتی ہے تو واجدؔ میں یہی سوچتا ہوں
آج کا دن بھی گیا یادوں کے انبار کے بیچ
مت سمجھنا کہ صرف تو ہے یہاں (غزل)
مت سمجھنا کہ صرف تو ہے یہاں
ایک سے ایک خوب رو ہے یہاں
پر ہے بازار حسن چہروں سے
جانے کس کس کی آبرو ہے یہاں
کیسے آباد ہو یہ ویرانہ
وحشت کذب چار سو ہے یہاں
آنکھ کی پتلیوں کو غور سے دیکھ
تیری تصویر ہو بہو ہے یہاں
کیسے تاریخ لکھی جائے گی
صرف تلوار اور گلو ہے یہاں
تو کہاں ہے خبر نہیں اے دوست
رات دن تیری گفتگو ہے یہاں
جھانکتا کون ہے گریباں میں
آئینہ کس کے رو بہ رو ہے یہاں
مقتل آرزو ہے دل واجدؔ
ہر تمنا لہو لہو ہے یہاں