پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وحید عرشی کی غزلیں — Waheed Arshi Ghazals

وحید عرشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلوں کو رنگ ستاروں کو روشنی کے لئے (غزل)

گلوں کو رنگ ستاروں کو روشنی کے لئے

خدا نے حسن دیا تم کو دلبری کے لئے

تمہارے روئے منور کی ضو میں ڈوب گیا

فلک پہ چاند جو نکلا تھا ہمسری کے لئے

صنم ہزاروں نئے پتھروں کے اندر ہی

تڑپ رہے ہیں ابھی فن آذری کے لئے

ارے او برق تپاں پھونک دے نشیمن کو

ترس رہا ہوں گلستاں میں روشنی کے لئے

رہ وفا میں مرا کون ہے جو ہر سو سے

غبار راہ اٹھی ہے پیمبری کے لئے

نکل پڑا ہے جنوں تھام کر کے دست وفا

اک اجنبی کا سہارا ہے اجنبی کے لئے

جہاں پہ عشق کو سودائے غرض ہو اے وحیدؔ

وہی مقام ہے الفت میں خودکشی کے لئے

کیسے سناؤں غم کی کہانی سانسوں پر ہے بار بہت (غزل)

کیسے سناؤں غم کی کہانی سانسوں پر ہے بار بہت

ماضی کہتا ہے کہہ جاؤ حال کو ہے انکار بہت

آپ پشیماں آخر کیوں ہیں مجھ کو کچھ بھی یاد نہیں

کس کی محبت کیسی کہانی کس سے کیا تھا پیار بہت

ٹوٹا ماضی کا آئینہ یادوں کی بکھری کرچیں

ذہن کے زخمی تلوے اب ہیں چلنے سے بیزار بہت

پو پھوٹے پر کشتئ دل تھی ورطۂ ظلمت ہی میں ابھی

یوں تو چلائی شب کے سمندر میں ہم نے پتوار بہت

بھاگ چلوں یادوں کے زنداں سے اکثر سوچا لیکن

جب بھی قصد کیا تو دیکھا اونچی ہے دیوار بہت

ٹھٹھکا تو تھا پھر جانے کیا سوچ کے آگے بڑھتا گیا

پائے وفا میں یوں تو چبھے تھے تیری جفا کے خار بہت

ترک تعلق سے اک میرا دل ہی نہیں ہے کچھ زخمی

تیر ہوئے ہی ہوں گے تیرے سینے کے بھی پار بہت

مزید غزلیں از وحید عرشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں