وحید الہ آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کچھ کہہ کے اس نے پھر مجھے دیوانہ کر دیا (غزل)
کچھ کہہ کے اس نے پھر مجھے دیوانہ کر دیا
اتنی سی بات تھی جسے افسانہ کر دیا
وہ شب کو بے حجاب جو محفل میں آ گئے
کیا نور تھا کہ شمع کو پروانہ کر دیا
اس دل کی ہے بہار و خزاں ان کے ہاتھ میں
گلشن بنا دیا کبھی ویرانہ کر دیا
چاہا جسے کہ دل سے یہ ہو جائے آشنا
دونوں جہان سے اسے بیگانہ کر دیا
کیا میرے دل کے ساتھ کیا عشق نے سلوک
اک آشنا تھا اس کو بھی بیگانہ کر دیا
آئیے جلوۂ دیدار کے دکھلانے کو (غزل)
آئیے جلوۂ دیدار کے دکھلانے کو
پھونک دے برق تجلی مرے کاشانے کو
دیکھیے کون سی جا یار کا ملتا ہے پتہ
کوئی کعبے کو چلا ہے کوئی بت خانے کو
تیری فرقت میں تصور ہے یہ بے دردی کا
خواب ہم جانتے ہیں نیند کے آ جانے کو
بعد میرے جو ہوا دشت میں مجنوں کا گزر
رو دیا دیکھ کے خالی مرے ویرانے کو
کام آ جاتی ہے ہم بزمی بھی روشن دل کی
شمع ہم رنگ بنا لیتی ہے پروانے کو
آج پھر شہر کے کوچے نظر آتے ہیں اداس
کس طرف لے گئی وحشت ترے دیوانے کو
اے جنوں تنگ ہوئی وسعت صحرا تجھ سے
اب کہاں جائے طبیعت کوئی بہلانے کو
گل پہ بلبل تھا کہیں شمع پہ پروانہ تھا
ہم نے ہر رنگ میں دیکھا ترے پروانے کو
وا شد دل نہ ہوئی غنچۂ خاطر نہ کھلا
کون سے باغ میں آئے تھے ہوا کھانے کو
میں نے جب وادئ غربت میں قدم رکھا تھا
دور تک یاد وطن آئی تھی سمجھانے کو