پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وحید قریشی کی غزلیں — Waheed Quraishi Ghazals

وحید قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی نہ چاہنے والا تھا حسن رسوا کا (غزل)

کوئی نہ چاہنے والا تھا حسن رسوا کا

دیار غم میں رہا دل کو پاس دنیا کا

فریب صبح بہاراں بھی ہے قبول ہمیں

کوئی نقیب تو آیا پیام فردا کا

ہم آج راہ تمنا میں جی کو ہار آئے

نہ درد و غم کا بھروسا رہا نہ دنیا کا

تری وفا نے دیا درس آگہی ہم کو

ترے جنوں نے کیا کام چشم بینا کا

الجھ کے رہ گئی ہر تان سے نوائے سروش

طلسم ٹوٹ گیا حسن نغمہ پیرا کا

شب فراق میں تارے گنے تو نیند آئی

یہ حال ہو گیا آخر تمہارے شیدا کا

وحیدؔ گرمئ اندیشہ نے غضب ڈھایا

سلگ رہا ہے ابھی ہاتھ خامہ فرسا کا

غم کے ہاتھوں شکر خدا ہے عشق کا چرچا عام نہیں (غزل)

غم کے ہاتھوں شکر خدا ہے عشق کا چرچا عام نہیں

گلی گلی پتھر پڑتے ہوں ہم ایسے بدنام نہیں

وہ بھی کیا دن تھے جن روزوں بے فکری میں سوتے تھے

اب کیسی افتاد پڑی ہے چین نہیں آرام نہیں

دل کے اجڑتے ہی آنکھوں نے حیف یہ عالم دیکھ لیا

جلوہ سر رہ کوئی نہیں ہے کوئی بروئے بام نہیں

جس کے اثر سے بے خود ہو کر اپنے تئیں ہم رسوا ہوں

موج مے گل کے ہاتھوں میں ایسا کوئی جام نہیں

دل کا رونا دل کا کھونا لاکھ عذاب الیم سہی

ہمت ہار کے بیٹھ ہی جائیں ہم ایسے ناکام نہیں

صفا مروہ (نظم)

صفا مروہ

صفا و مروہ کے درمیاں دوڑتی امنگو

تمہیں خبر ہے

تمہارے اجداد کے نقوش برہنہ پائی

تمہارے قدموں کے نقش گر ہیں

تم اپنے قدموں کی پیروی میں رواں دواں ہو

خود اپنا عرفان ڈھونڈتے ہو

ہجوم میں چل کے اپنی بقاء کا سامان ڈھونڈتے ہو

دلوں کے اصنام ریزہ ریزہ

تم اپنے قدموں پہ چل رہے ہو

دلوں کے اندر چھپے بتوں کو مٹا رہے ہو

دلوں کے اندر چھپے درندوں کو سنگ صبر و غنا سے

کرتے ہو پاش پاش

اور چل رہے ہو

حصار شب میں رواں ہو کب سے

تم اپنا خود کارواں ہو کب سے

مگر شیاطیں تمہارے اندر جو بس رہے ہیں

وہ کب مٹیں گے

تمہارے نقش قدم کب اپنی انا کے بت

توڑ کر ہجوم مسافراں کے

رفیق ہوں گے

تم اپنے اجداد ہی کے نقش قدم پہ چلتے رہوگے

اور پھر یہ بھی جان لو گے

کہ یہ تمہارے ہی نقش پا ہے

تمہارے اعمال کی جزا ہیں

تمہاری تقدیر کا صلہ ہیں

تمہاری سعی کی انتہا ہیں

مزید غزلیں از وحید قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں