وفا نقوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ٹھیک ہے وہ ہم کو میسر نہیں ہوا (غزل)
یہ ٹھیک ہے وہ ہم کو میسر نہیں ہوا
لیکن کہاں کہاں وہ منور نہیں ہوا
لوٹا جو شام کو تو کوئی منتظر نہ تھا
اس بار بے قرار مرا گھر نہیں ہوا
کیا جانے کب اترنے لگے وہ دماغ پر
کوئی جنوں کا وقت مقرر نہیں ہوا
سب جیتنے کی ضد پہ یہاں ہارنے لگے
صدیوں سے کوئی شخص سکندر نہیں ہوا
بازو تو کٹ کے جڑ گئے میری حیات سے
لیکن ابھی نصیب مجھے سر نہیں ہوا
پھل توڑ لیتا آج میں اپنی حیات کا
اچھا ہوا کہ ہاتھ میں پتھر نہیں ہوا
صحرا سے لاکھوں بار نچوڑی گئی ہے پیاس
پھر بھی سمندروں کا گلا تر نہیں ہوا
اس کا کوئی مجھے پتہ ہی نہیں (غزل)
اس کا کوئی مجھے پتہ ہی نہیں
وہ مرے شہر میں رہا ہی نہیں
اس کی آنکھیں عجیب آنکھیں تھیں
خواب جن میں کبھی سجا ہی نہیں
تیرا انکار کیا قیامت ہے
لوگ کہنے لگے خدا ہی نہیں
وہ خیالوں میں گھر میں رہتا ہے
وہ سفر پر کبھی گیا ہی نہیں
عمر بھر تیرا ذکر کرنا ہے
ایک دن کا یہ سلسلہ ہی نہیں
چاند شب بھر اداس رہتا ہے
وہ دریچے سے جھانکتا ہی نہیں
فاصلہ کچھ نہ کچھ رکھا اس نے
ٹوٹ کر وہ کبھی ملا ہی نہیں