پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وفا لکھنوی کی غزلیں — Wafa Lakhnavi Ghazals

وفا لکھنوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

درد کا میرے مداوا وہ کریں یا نہ کریں (غزل)

درد کا میرے مداوا وہ کریں یا نہ کریں

میں ہوں مشکور دم نزع جو پردا نہ کریں

مے سے لبریز عنایت جو وہ پیمانہ کریں

واعظا نوش اسے رند کریں یا نہ کریں

عشق صادق جو ذرا اپنا اثر دکھلا دے

بے حجاب آئیں نظر وہ کبھی پردا نہ کریں

فصل گل آئے بھی صیاد اگر گلشن میں

ہم وہ بلبل ہیں رہائی کی تمنا نہ کریں

تیرے کوچے میں جو مل جائے جگہ مرقد کی

باغ فردوس کی عشاق تمنا نہ کریں

جلوہ گر دل میں ہے تو جن کے کسی صورت وہ

رخ حرم کا نہ کریں عزم کلیسا نہ کریں

تیرے کوچے میں میسر ہے جنہیں روز طواف

کعبے کی سمت وہ بھولے سے بھی سجدہ نہ کریں

اس کا دیدار کسی طرح نہیں ممکن ہے

شکل آئینہ جو ہم دل کو مصفا نہ کریں

یار بالیں پہ ہے ٹھہریں ملک الموت ذرا

روح کے قبض کا کچھ دیر ارادہ نہ کریں

دم کا مہمان ہوں دم لب پہ ہے اے جان جہاں

آپ گھر جانے کا اس وقت ارادہ نہ کریں

مرتے دم نام ترا منہ سے نکل جائے اگر

پھر نکیرین لحد میں کوئی جھگڑا نہ کریں

دیر و کعبہ تو حقیقت میں ہیں اس کے گھر میں

باہمی گبر و مسلماں کوئی جھگڑا نہ کریں

آئنہ دیکھ کے کہتا ہے یہ دلبر میرا (غزل)

آئنہ دیکھ کے کہتا ہے یہ دلبر میرا

ماہ کنعاں بھی نہیں حسن میں ہمسر میرا

دل قاتل سے پس قتل بھی نکلا نہ بخار

لاشہ تشہیر کیا کر کے جدا سر میرا

یار پھر جاتا ہے آ کر مرے دروازے سے

مجھ سے برگشتہ ہے کس درجہ مقدر میرا

راہ گم کردہ وہ خود پھرتا ہے اک مدت سے

کوئے الفت میں خضر خاک ہو رہبر میرا

نہیں معلوم کہ قاصد پہ مرے کیا گزری

آج قابو میں نہیں ہے دل مضطر میرا

میکدے پر مرا قبضہ ہو میں وہ مے کش ہوں

شیشہ میرا ہے سبو میرا ہے ساغر میرا

کیوں لگا رہنے دیا اے مرے قاتل تسمہ

ایک ہی وار میں کرنا تھا جدا سر میرا

آئیے آئیے دکھلائیے صورت اپنی

دم شب ہجر میں آیا ہے لبوں پر میرا

قتل ہوتے ہوئے جی بھر کے انہیں دیکھ لیا

حوصلہ آج تو نکلا تہ خنجر میرا

اے وفاؔ تھی جو تمنا مجھے پا بوسی کی

پائے قاتل پہ گرا ہو کے جدا سر میرا

مزید غزلیں از وفا لکھنوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں