پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وویک بجنوری کی غزلیں — Vivek Bijnori Ghazals

وویک بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شب محشر تری باہوں کے طلب گار رہے (غزل)

شب محشر تری باہوں کے طلب گار رہے

ہم ترے اپنوں میں ہو کر بھی تو اغیار رہے

ایک میں ہوں جو ہمیشہ سے مخالف ٹھہرا

ایک تم ہو جو ہمیشہ سے طرف دار رہے

ساتھ ہو کر بھی تو ہم ساتھ نہیں ہیں مانو

ایک آنگن ہو مگر بیچ میں دیوار رہے

ایک اس سے ہی نہیں نبھ سکا رشتہ ہم سے

یوں تو ہم سارے زمانہ سے وفادار رہے

فائدہ کیا ہوا جو اس نے معافی دے دی

اپنی نظروں میں تو تا عمر گنہ گار رہے

ایک عرصے سے ہنسی تک نہیں آئی ہم کو

ایک عرصے سے اداسی میں گرفتار رہے

فلم کے انت میں جو جان گنوا دیتا ہے

ہم حقیقت میں وہی آخری کردار رہے

نہیں معلوم کتنی بڑھ گئی ہے (غزل)

نہیں معلوم کتنی بڑھ گئی ہے

مگر سچ ہے اداسی بڑھ گئی ہے

یہ حاصل ہے قریب آنے کا اپنے

ہمارے بیچ دوری بڑھ گئی ہے

تمہاری یاد کا موسم ہے بدلا

اچانک کتنی سردی بڑھ گئی ہے

تمہارے بعد سب کچھ ٹھیک سا ہے

فقط تھوڑی سی داڑھی بڑھ گئی ہے

خموشی بڑھ گئی ہے کچھ دنوں سے

یقیں مانو کہ کافی بڑھ گئی ہے

مزید غزلیں از وویک بجنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں