ویشوادیپ زیست کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کئی دنوں سے محبت کا کچھ وبال نہیں (غزل)
کئی دنوں سے محبت کا کچھ وبال نہیں
تو مسکرا کے پس و پیش میں یوں ڈال نہیں
کئی صدی کے جنوں سے اسے تراشا ہے
ہمارا عشق کوئی دو ٹکے کا مال نہیں
ہمارے دل کا نگر کس نے پھونک ڈالا ہے
ہماری آنکھ لگی تھی ہمیں خیال نہیں
ارادہ ہے کہ تمہیں شرمسار دیکھوں میں
وگرنہ دل کی تباہی کا یوں ملال نہیں
بڑے سکوں سے گزر ہو رہی ہے ہم سب کی
سوال یہ کہ کسی لب پے کیوں سوال نہیں
میں عادتاً بھی ذرا سا اداس رہتا ہوں
ہر ایک بات محبت کے سر پہ ڈال نہیں
تمہاری یاد پالی جا رہی ہے (غزل)
تمہاری یاد پالی جا رہی ہے
محبت کل پہ ٹالی جا رہی ہے
دکھا کر خواب غم کے فائدوں کا
خوشی دل سے نکالی جا رہی ہے
ہم اس کو عشق کا اب نام دیں گے
غلط فہمی جو پالی جا رہی ہے
ہمیں اب ہار کا بھی دکھ نہیں ہے
سو تیری جیت خالی جا رہی ہے
جہاں سے خواب پیدا ہو رہے تھے
وہیں پر خاک ڈالی جا رہی ہے
بدلتی ہے وہی اک بات جگ کو
جو پھر سے کل پہ ٹالی جا رہی ہے
پھر اک مسکان سے ڈر لگ رہا ہے
پھر اک امید پالی جا رہی ہے