پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وشنو کمار شوق کی غزلیں — Vishnu Kumar Shauq Ghazals

وشنو کمار شوق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ میرا مذاق محبت نہیں ہے (غزل)

یہ میرا مذاق محبت نہیں ہے

میں کیسے کہوں غم میں راحت نہیں ہے

یہ کیا کہہ گیا عجلت عرض غم میں

مجھے تم سے کوئی شکایت نہیں ہے

محبت سمجھ کی حدوں سے ہے باہر

سمجھ میں جو آئے محبت نہیں ہے

پشیمانیاں ہیں فسوں کاریاں ہیں

ان آنکھوں میں سب ہے مروت نہیں ہے

غم دل کہا تم سے اپنا سمجھ کر

شکایت نہ سمجھو شکایت نہیں ہے

سمجھ لو اسے ایک ساز شکستہ

کہ جس دل میں درد محبت نہیں ہے

نہ چھلکے ترا عکس تصویر جن میں

ان اشکوں سے دامن کی زینت نہیں ہے

انہیں شوقؔ اپنا غم دل سنا دے

کوئی اور راحت کی صورت نہیں ہے

یہ کہنا آسان نہیں ہے (غزل)

یہ کہنا آسان نہیں ہے

دل میں کوئی ارمان ہے

ہمت کی تو پائی منزل

دنیا کا احسان نہیں ہے

لاکھ تسلی دی ہے تم نے

لیکن اطمینان نہیں ہے

ہائے محبت کی مجبوری

رونا بھی آسان نہیں ہے

چھوڑ تو دوں میں ان کا دامن

لیکن اب امکان نہیں ہے

پونچھ کے تم دامن سے تو دیکھو

آنسو ہیں طوفان نہیں ہے

ترک محبت توبہ توبہ

یہ میرا ایمان نہیں ہے

خاص تجلی ڈھونڈ رہا ہوں

کرنوں کی پہچان نہیں ہے

شوقؔ سمجھتے ہو جتنا تم

اتنا وہ نادان نہیں ہے

مزید غزلیں از وشنو کمار شوق ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں