وشمہ خان وشمہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تخت طاؤس مرا تخت ہزارہ تم ہو (غزل)
تخت طاؤس مرا تخت ہزارہ تم ہو
میرے شہزادے مری آنکھ کا تارا تم ہو
میں ترے عشق میں لیلیٰ تو کبھی ہیر بنی
تم ہو مجنوں یا ہو فرہاد گوارا تم ہو
میں نے کاٹی ہے ترے پیار میں یہ عمر رواں
جس کے خوابوں میں سدا وقت گزارا تم ہو
زیست تو تیری امانت تھی ترے ساتھ رہی
اور پھر کھیل سمجھ کر جسے ہارا تم ہو
جس کی آغوش میں میرا ہے سفینہ وشمہؔ
اس سمندر کا مری جان کنارہ تم ہو
کچھ لوگ دل کی آڑ میں روپوش ہو گئے (غزل)
کچھ لوگ دل کی آڑ میں روپوش ہو گئے
آنکھوں میں خواب آئے تو خاموش ہو گئے
ساقی نے پھر پلائی ہے کچھ خاص آنکھ سے
یوں ہم بھی پیتے پیتے ہی مدہوش ہو گئے
ہم کتنے خوش نصیب ہیں جو آپ مل گئے
دیکھا جو جلوہ آپ کا بے ہوش ہو گئے
جتنے کئے تھے پیار میں عہد وفا یہاں
ان سے وہ عہد سارے فراموش ہو گئے
وہی اک اجنبی چہرہ مرے خوابوں میں آتا ہے (نظم)
وہی اک اجنبی چہرہ مرے خوابوں میں آتا ہے
اداسی دیکھتی ہوں جب بھی اس کی گہری آنکھوں میں
چرا لیتا ہے یہ منظر مری ہر نیند کا لمحہ
اداسی اس کے چہرے کی مجھے سونے نہیں دیتی
مجھے احساس ہوتا ہے کہ اس کی گرم سانسیں بھی
مجھے سونے نہیں دیتیں مجھے جینے نہیں دیتیں
مجھے احساس ہوتا ہے وہی ایک اجنبی چہرہ
میرے نزدیک آ کر لوریوں سے اپنی دھڑکن کی
سلاتا ہے مجھے اور دفعتاً پھر لوٹ جاتا ہے