پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

وشال کھلر کی غزلیں — Vishal Khullar Ghazals

وشال کھلر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میرے دکھ کی دوا بھی رکھتا ہے (غزل)

میرے دکھ کی دوا بھی رکھتا ہے

خود کو مجھ سے جدا بھی رکھتا ہے

مانگتا بھی نہیں کسی سے کچھ

لب پہ لیکن دعا بھی رکھتا ہے

ہاں چلاتا ہے آندھیاں لیکن

موسموں کو ہرا بھی رکھتا ہے

جب بھی لاتا ہے غم پرانے وہ

ان میں حصہ نیا بھی رکھتا ہے

اس ایک شخص کا کوئی پتہ نہیں ملتا (غزل)

اس ایک شخص کا کوئی پتہ نہیں ملتا

کہ اس کے بعد تو کچھ بھی نیا نہیں ملتا

وہ آئنہ سے بھی نظریں چرا رہا ہوگا

کہ اس کا روپ ہی اس سے ذرا نہیں ملتا

وہ دھوپ چھاؤں کرے کہکشاں بہار کرے

وہ عرض و طول کے اندر بندھا نہیں ملتا

وہ جسم روح خلا آسمان ہے کیا ہے

کہ رنگ کوئی ہو اس سے جدا نہیں ملتا

کبھی کبھی ہی خزانے نصیب ہوتے ہیں

بنا بنایا ہوا سب سدا نہیں ملتا

بنا تو رکھا ہے منصف کو اپنا پہرے دار

وہ اپنے جرم سے لیکن رہا نہیں ملتا

اے کائنات ذرا مٹھیاں تو کھول کبھی

پتہ جو رکھتا ہو مالک ترا نہیں ملتا

اک تاریخ (نظم)

اک تاریخ

جب اس دنیا کی فضا میں میں نے

پہلی سانس بھری تھی

اور

آج ہی مجھ کو

موصول ہوئے ہیں

کتنی دعاؤں کے چیک

اب سارا برس

آرام رہے گا

اور خاص الخاص اک

کام رہے گا

قسمت کے بینک میں جا کر

سارے چیک

کیش کرا کر

رفتہ رفتہ

خرچ کروں گا

جب یہ دولت کم ہو جائے

تب میں تنہا بیٹھ کے

یہ دعائیں کروں گا

کہ اگلے برس کا

انتظار

ختم ہو جلدی

مزید غزلیں از وشال کھلر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں